(موجد جراحی)
لاہور(سید اسامہ اقبال)ابو القاسم زہراوی 936ءمیں قرطبہ کے قریب شہر الزہرہ میں پیدا ہوئے۔ان کے والد کا نام عباس تھا۔ ان کے آباءو اجداد عربی النسل تھے۔ جو مسلم فاتحین کے ساتھ اسپین آئے اور وہیں کے ہو کر رہ گئے۔
ابو القاسم بچپن ہی سے ذہین اور غور و فکرکے عادیتھے۔انہیں زمانہ بچپن ہی سے طب سے لگاو تھا۔ ابتدائی تعلیم مکمل کر نے کے بعد انہوں نے قرطبہ یونیورسٹی میں داخلہ لیا۔ وہاں ان کے اوصاف پوری طرح نکھر کر آئے تعلیم مکمل ہونے کے بعدانہوں نے عملی زندگی میں قدم رکھا۔
یہ زمانہ خلیفہ عبدالرحمن الناصر کا تھا۔ یہ نہ صرف علم و فن کا بڑا قدر داں تھا بلکہ جوہر شناس بھی تھا۔ اس نے ابوالقاسم کے اندر چھپے ہوئے فن کو پہچان لیا اور ان کا تقرر شاہی اسپتال میں کر دیا۔ انہوں نے اس موقعہ سے پورا پورا فائدہ اٹھایا اور مسلسل تحقیق تجربات اور اپنے وسیع مطالعہ کی روشنی میں انہوں نے طب کے مختلف اصول و قوانین وضع کیے جن کی وجہ سے آج ان کا نام آسمان طب کا ایک روشن ستارہ ہے۔
ابو القاسم زہراوی نے جراحت (Surgery) کو ایک مکمّل فن کی حیثیت سے پیش کیا اور اسکے قوانین بھی واضع کیے۔ انہوںنے جسم کے مختلف امراض کا علاج کر کے ثابت کیا کہ ان کا علاج آپریشن ہی سے ممکن ہے۔ جیسے
ان کی مشہور کتاب "التصریف لمن عجز عن التالیف"ایک طرح کی طبی انسائیکلو پیڈیا ہے۔ یہ کتاب اس کے ذاتی علم، مشاہدے اور تجربے کا نچوڑ ہے۔ اس کتاب کے کئی زبانوں میں ترجمے بھی ہو چکے ہیں۔ 1013ء میں فنِ جراحت کے نقشِ پا چھوڑ کر ابو القاسم زہراوی اس دار فانی سے کوچ کرگئے۔