2019 ,اگست 31
اسلام آباد (مانیٹرنگ رپورٹ) پاکستان مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل اور سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ پچھلے سوا سال سے ڈیل کی افواہیں پھیلائی جارہی ہیں،اب جبکہ ستمبر میں نوازشریف صاحب کی اپیل زیر سماعت ہے اور حکومت کو یہ خوف ہے کہ ارشد ملک کی وڈیو کے بعد اب کوئی وجہ نہیں نوازشریف صاحب کو قید میں رکھنے کی تو اس وجہ سے وہ ایسی افواہیں پھیلا رہے ہیں۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عوام سمجھتی ہے کہ مسلم لیگ ن ہی وہ واحد جماعت ہے جو پاکستان کو ترقی کے راستے گامزن کرسکتی ہے،ان گرفتاریوں سے کوئی فرق پڑنا ہوتا تو آج ہمارے کنونشنز ,میٹنگ میں عوام کا جم غفیر نہ ہوتا،مسلم لیگ ن پر عوام کا اعتماد بڑھ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے پارٹی عہدیداروں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ اگلے سال کو انتخابات کا سال سمجھ کے اپنی تنظیمی تیاریاں تیز کریں۔احسن اقبال نے کہا کہ ملک کے نظام عدل پہ سوالیہ نشان اٹھ رہے ہیں جو کہ قابل افسوس بات ہے،ہم چاہتے ہیں ہمارا نظام انصاف ایسا ہو جس پہ کوئی سوال نہ اٹھا سکےکیونکہ نظام عدل اگر مشکوک ہوجائے تو وہ جمہوریت کی بھی موت ہے اور معاشرے کی بھی موت ہے۔انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ وزیر اعظم کہتے تھے ہم اخراجات ختم کردیں گے، حکومتی بجٹ کو قابو میں لے آئیں گے لیکن انہوں نے پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا خسارہ پیدا کیا ہے،حکومت کو مزید ٹائم دینا پاکستان کی سلامتی کو داؤ پہ لگانے کے مترادف ہے۔احسن اقبال کا کہنا تھا کہ 2019 میں بھارت نے وہ کام کیا ہے جو وہ سنہ 47 سے نہیں کرسکا تھا ،اسکا واضح مطلب یہی ہے کہ بھارت انہیں کمزور ترین حکومت سمجھتا ہے اور اس نے انہیں کمزور سمجھ کے یہ قدم اٹھایا ہے۔