دیوار محبت ، آپ ، ہم اور وہ مجبور باپ

کیفے درویش کی "دیوار محبت " کو احباب نے بہت پذیرائی دی لیکن کچھ دوست سوال کر رہے ہیں ۔ انہیں خدشہ ہے کہ کہیں مفت خورے اس دیوار محبت کا فائدہ نہ اٹھا لیں ۔ سر پہلی بات تو یہ ہے کہ ہم اپنے حصے کا کام کر رہے ہیں اور یہ وہ کام ہے جس کا صلہ ہم اپنے رب سے چاہتے ہیں ۔ دوسری بات یہ کہ ہم چند افراد کی وجہ سے مزدور اور محنت کشوں کو دیوار محبت کے حق سے محروم نہیں کر سکتے ۔ سر! دیوار محبت کیا ہے اس کے بارے میں بھی سنتے چلیے ۔
کیفے درویش اور دیوار محبت
دوست پوچھ رہے ہیں کہ کیفے درویش کہاں ہے ، یہ کس کلاس کا کیفے ہے ، یہاں ایلیٹ کلاس آئے گی یا مڈل کلاس بھی آ سکے گی ؟ دوستو ! کیفے درویش بنیادی طور پر ایک خاص سوچ اور فکر کاعکاس ہے ۔ یہ ہر اس کلاس یا کمیونٹی کا کیفے ہے جو انسانیت اور آدمیت کی ترجمان ہے ۔ ہم نے فیصلہ کر رکھا ہے کہ نقصان ہوتا ہے تو بھلے ہو جائے لیکن قیمتوں کے کنٹرول اور کوالٹی پر کوئی سمجھوتا نہیں کریں گے کیونکہ ہمیں امید ہے ہمارے دوست ہمیں ناکام نہیں ہونے دیں گے ۔ ہم مڈل کلاسیے ہیں لیکن کیفے درویش سیٹھ مافیا کے برابر کھڑا ہو رہا ہے ۔ سیٹھ مافیا کا تعلق بھی امیری سے نہیں بلکہ ایک خاص سوچ سے ہے ۔ بہرحال کیفے درویش آپ کا اپنا کیفے ہے ۔ آپ کو اللہ نے اچھا کھانے اور اچھے ماحول میں بیٹھنے کی توفیق بخشی ہے تو کیفے درویش آپ کا منتظر ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ یہ بتانا ضروری ہے کہ کیفے درویش میں ایک دیوار " دیوار محبت " بھی ہے ۔ یہ دیوار آپ کو یاد دلائے گی کہ محبت خدا کی صفت ہے ، آپ اچھا کھا سکتے ہیں لیکن کئی ساتھی ایسے ہیں جنہیں سیٹھ مافیا اپنے کیفے میں گھسنے بھی نہیں دیتا یا پھر ان سفید پوشوں کی جیب انہیں کیفے لائف کا سوچنے سے روکتی ہے ۔ آپ چاہیں تو ایک سلسلہ شروع کر سکتے ہیں ۔آپ کی جیب چائے کی اجازت دیتی ہے تو آپ ایک چائے آرڈر کر دیں ، آپ کو برگر اچھا لگا اور آپ کسی انسان کو اس کے ذائقہ سے روشناس کروانے کا لطف اٹھانا چاہتے ہیں تو ایک اور برگر کا آرڈر کر دیں ۔ آپ کے حکم پر انتظامیہ آپ کا آرڈر" دیوار محبت " پر چپکا دے گی ۔ ہمارا وہ ساتھی جس کی جیب اسے اجازت نہیں دیتی وہ خاموشی سے اس دیوار سے اپنے پسندیدہ آرڈر کی چٹ اتار کر ویٹر کو تھما دے گا ۔ اس کیفے پر اس کا بھی اتنا ہی حق تصور کیا جائے گا جتنا کہ آپ کا یا ہمارا ہے ۔"دیوار محبت " اسے ہم سے الگ بیٹھنے پر مجبور نہیں کرے گی اور نہ اس ذائقہ سے محروم کرے گی جو آپ یا میں ٹیسٹ کریں گے ۔ "دیوار محبت " کا آرڈر آپ پر فرض نہیں ہے ۔ یہاں کوئی آپ سے یہ نہیں کہے گا کہ اگر آپ چاہیں تو "دیوار محبت " کا آرڈر لکھوا دیں ۔ "دیوار محبت " آپ کی جیب ، مرضی اور دل کی اجازت کے تابع ہے ۔ کیفے درویش کا آغاز ہوا چاہتا ہے اور جانے کیوں مجھے یقین ہے کہ دیوار محبت ہم مڈل کلاسیوں کی انسان دوستی اور محبتوں کی ترجمان بنے گی ۔
نوٹ :" دیوار محبت " کے لئے دیا گیا ہر آرڈر ریگولر آرڈر سے سستا ہو گا کیونکہ دیوار محبت کا سہارا لے کر اپنوں سے محبت کے اس اظہار پر صرف آپ کا ہی حق نہیں ، کیفے درویش ان محبتوں میں آپ کا حصہ دار ہو گا۔۔۔
اب قصہ وہاں سے جوڑتے ہیں جہاں چھوڑا تھا۔۔۔۔ہاں تو میں کہہ رہا تھا کہ
اگر آپ کو اللہ نے دیا ہے تو ایک آرڈر کی چٹ دیوار محبت پر چپکا دیں ، جسے رب نے کم دیا ہے وہ خاموشی سے یہ چٹ اتار کر ویٹر کو دے دے گا ۔ دیوار محبت کا بل روٹین کے بل سے کم ہو گا کیونکہ ایسے ہر بل میں کیفے درویش بھی حصہ دار ہو گا ۔ میں یہ بتانا چاہتا ہوں کہ بھوکے شخص کو چیز یا زنگر برگر نہین چاہئے ، اس کی طلب روٹی ہے ۔ کیفے درویش مین انے والے ایسے افراد کو بھی دیوار محبت کی محبت ملے گی لیکن ہمارا اصل ٹارگٹ کچھ اور ہے ۔ ایک کہانی سن لیں ، شاید آپ سمجھ پائیں کہ دیوار محبت کا مقصد کیا ہے ۔ میرے والد محترم سرکاری آفیسر تھے ۔ ان کی ریٹائرمنٹ سے قبل تک ہم سرکار کے ایک اچھے سے گھر میں رہتے تھے جس کی مینٹیننس سرکار کے ذمہ تھی ۔ ایک اچھی سرکاری گاڑی بھی تھی اور سرکاری ڈرائیور بھی تھا ۔ دنیا کے سامنے بظاہر ہم بہت ٹھاٹھ سے جی رہے تھے لیکن یہ بات ہم ہی جانتے تھے کہ حق حلال اور احکامات خداوندی کو اپنی جان سے بھی زیادہ عزیز رکھنے والے میرے ابا جی کی تنخواہ کتنے دن چل پاتی تھی ۔ بلوں اور ہماری تعلیمی فیسوں کی مد میں ہی وہ قلیل رقم ختم ہو جاتی تھی ۔ ایسا نہیں تھا کہ ہم اچھا کھاتے اور پہنتے نہیں تھے لیکن یہ سب کیلکولیٹڈ تھا ۔ وہ ہماری تعلیم پر بہت خرچ کرتے تھے لیکن ہوٹلنگ ایسی عیاشیاں ہم کیلکولیٹڈ ہی کر سکتے تھے ۔ مجھے یاد ہے اکثر میں میرا دل برگر کھانے کو کرتا تو میں میکڈونلڈ یا کے ایف سی کے سامنے رکتے رکتے یہ سوچ کر چل پڑتا تھا کہ اگر دو ڈھائی سو کا برگر کھا لیا تو اگلے دو دن موٹرسائیکل میں پیٹرول ڈلوانے کے پیسے نہیں بچیں گے سو بازار کی نکڑ پر 50 روپے کا شامی برگر کھانے چلا جاتا تھا ۔ تب میں سوچا کرتا تھا کہ اگر مجھے ایسا برانڈ بنانے کا موقع ملا تو پھر وہاں سے میرے جیسا کوئی طالب علم محض کم پیسوں کی وجہ سے نظریں چراتے ہوئے آگے نہیں جائے گا ۔ میں اس کا ہاتھ تھام کر اسے روک لیا کروں گا ۔ سر! میں جانتا ہوں کہ جھگی میں رہنے والوں سے زیادہ مشکل حالات اس سفید پوش طبقے کے ہیں جو اپنی سفید پوشی کا بھرم رکھے ہوئے ہے ۔ میں جانتا ہوں بچوں کو عید پر نئے کپڑے نہ لے کر دینے والے جو والدین پنکھے سے لٹک کر خودکشی کرتے ہیں ان کی اکثریت بے روز گار نہیں ہوتی ۔ میں جانتا ہوں ایک بڑے دفتر میں ملازمت کرنے اور موٹر سائیکل پر سفر کرنے والے اس باپ کے دل پر کیا گزرتی ہے جب اس کے پاس اگلے مہینے کی پہلی تاریخ تک پیسے نہ ہوں اور بچہ بیمار ہو جائے ۔ میں اور میرے ساتھی اسی مزدور اور مڈل کلاس طبقے کے نمائندے ہیں سو ہم چاہتے ہیں کہ کیفے درویش ایسے والدین کی دعائوں کا مرکز بنے ۔ ہم چاہتے ہیں کہ اب اگر کوئی بچہ اپنے باپ سے کہے کہ میں نے زنگر یا چیز برگر کھانا ہے تو اس کا باپ اپنی جیب ٹٹولنے کے بعد آنکھ میں کچھ پڑ جانے کا بہانہ نہ کرے بلکہ وہ بچے کو لے کر کیفے درویش چلا آئے ۔ ہم نے "دیوار محبت" واش بیسن کے قریب بنائی ہے تاکہ ایسا باپ بچوں اور فیملی کو پچھلی میز پر بٹھا کر پورے اعتماد سے ہاتھ دھونے آئے اور خاموشی سے دیوار محبت سے اپنے مطلوبہ آرڈر کی چٹ اتار کر ویٹر کو تھما دے ۔ ہم چاہتے ہیں والدین کا بھرم قائم رہے ، سو آپ دیوار محبت سے کسی ایسے شخص کو چٹ اتارتے دیکھیں جس نے بظاہر ٹائی لگائی ہو اور اپنی عزت کا بھرم رکھا ہو تو اس کے متعلق اچھا گمان رکھیئے گا ۔ ہم چند مفت خورے افراد کے ڈر سے دیوار محبت ختم نہیں کریں گے کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ اگر وافر پیسے ہوتے تو "مفت خورے " بھی پیسے ادا کر دیتے ۔ پیسے نہ دینے کے لئے چھپنے والوں کی کچھ تو مجبوریاں ہوتی ہی ہیں ۔ ہماری مجبوری یہ ہے کہ ہم اس کیفے کو بند نہیں کرنا چاہتے سو یہ سلسلے چلانے کے لئے ہمیں کہیں نہ کہیں کمپرومائز کرنا پڑ رہا ہے ورنہ ہمارا ارادہ تھا کہ دیوار محبت سے ادھار آرڈر بھی لیا جا سکے کہ اگر دیوار محبت پر کوئی چٹ نہیں لگی تب بھی آپ کا آرڈر اوکے ہو جائے اور جب چٹ لگے تب وہ چٹ اس کھاتے میں شامل کر دی جائے ۔ یقینا ابھی ہم ایسا نہیں کر سکتے لیکن اگر یہ سلسلہ چل نکلا اور اللہ نے ہمت و توفیق دی تو ہم دیوار محبت کو ادھار آرڈر بھی دینے کا ارادہ رکھتے ہیں تاکہ دیوار خالی دیکھنے پر بھی کوئی مجبور باپ واپس نہ جائے ۔ ہمیں یقین ہے کہ آپ اور ہم مل کر دیوار محبت کو زندہ رکھیں گے ۔ شاید یہ بزنس کے اصولوں کے خلاف ہو لیکن یہ انسانیت کے خلاف ہرگز نہیں ہے
(فقط ایک درویش )