فن لینڈ میں سیاحوں کیلئے پُرکشش مقامات و عمارات کی تفصیل آپ کو بھی ان کے حسن کی دلدادہ بنا دے گی

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع اپریل 13, 2020 | 18:05 شام

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک): یورپ کا ملک فن لینڈ بہت سے ثقافتی اور پُرکشش مقامات و عمارتوں کی وجہ سے اپنی ایک الگ پہچان رکھتا ہے۔ فن لینڈ میں زیادہ ترسیاحوں کی توجہ کا مرکز دارالحکومت ہیلسنکی ہوتا ہے۔ اس مصروف بالٹک بندرگاہ پر آپ کو فن تعمیرات کے منفرد نمونے ، ہیلسنکی ریلوے اسٹیشن (جسے ابتدائی جدید فن تعمیر کا سنگ میل مانا جاتا ہے) اور میوزیم نظر آئے گا جبکہ مغرب میں فن لینڈ کی جھیلیں اور شمال میں آرکٹک س

رکل سے پرے وسیع و عریض علاقہ ہے۔

سومینلینا قلعہ

an image

دنیا کے سب سے بڑے سمندری قلعوں میں سے ایک 18ویں صدی کا یہ قلعہ سومینلینا(Suomenlinna)، ہیلسنکی میں واقع ہے۔ روسیوں کے حملوں سے بچنے اور ان کا مقابلے کرنے کے لیے اس قلعے کی تعمیر کا آغاز 1748ء میں کیا گیا تھا۔ یونیسکو کی جانب سے اس قلعہ کو عالمی ثقافتی ورثہ کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ روایتی تاریخ جاننے کے لئے وزیٹر سینٹر کے آڈیو ویژوئل تجربے سے استفادہ کرتے ہوئے اس دور کی جیتی جاگتی تاریخ ملاحظہ کی جاسکتی ہے۔ اس کے اطراف سرنگیں اور جزیرے کے آس پاس پگڈنڈی بنی ہے۔ 1808ء میں سویڈن کی جانب سے ہتھیار ڈالنے کے بعد یہ قلعہ روس کے قبضے میں چلاگیا تھا ، تاہم 1918ء میں فن لینڈ کی آزادی کے بعد یہ اس کے حصے میں آگیا۔

ہیلسنکی گرجا گھر

an image

ہیلسنکی کے اعلیٰ مقامات میں تین گرجا گھر شامل ہیں، جن میں جدید فن تعمیر کا سنگ میل یوسپینسکی آرتھوڈوکس کیتھیڈرل بندرگاہ کے مشرق کی طرف واقع ہے۔ اس کے 13مخروطی مینار بلندی پر جاکرسونے کےگنبدوں پر اختتام پذیر ہوتے ہیں۔ یہ مغربی یورپ کا سب سے بڑا آرتھوڈوکس چرچ ہے۔ اس کے علاوہ ایک نیوکلاسیکل لوتھرن کیتھیڈرل ہے، جواتنا بڑا ہے کہ یہ بندرگاہ کے سامنے والی عمارتوں کی چھتوںسے صاف دکھائی دیتا ہے۔

اونچا سبز گنبد اور چوڑی سیڑھیاں اسے سینیٹ اسکوائر کا شاہی مرکز بناتی ہیں۔ تاہم یہاں واقع تیسرا’’ ٹیمپیلیاؤکیو چرچ‘‘ ایک آرکیٹیکچرل تجربہ ہے، جو شہر کے وسط ٹھوس چٹان پرایستادہ ہے۔ اسے چکر کھاتے ہوئے سیڑھیوں کے ڈنڈوں کا سہارا دے کر چھت تک تانبے کی پرت چڑھائی گئی ہے۔

ایسپلاناڈی پارک

an image

ہیلسنکی میں مارکیٹ اسکوائر کے ایک طرف ایسپلاناڈی (Esplanadi) پارک موجود ہے۔ درختوں سے جڑے اس نظارے کو خوبصورت عمارتوں سے جوڑا گیا ہے۔ فوارے کے ساتھ ہیلسنکی کی علامت ہیوس آمندا کا مجسمہ دلکش منظر پیش کرتا ہے۔ دسمبر کے مہینے میں ایسپلاناڈی، خوبصورت مقامی دستکاری اورہالیڈے فوڈز فروخت کرنے والی کشتیوں سے بھرا ہوتا ہے۔ ہیلسنکی کا سب سے غیر معمولی میوزیم ’’ اسٹریٹ میوزیم ‘‘ مارکیٹ اسکوائر سے سینیٹ اسکوائر تک پھیلا ہوا ہے، جس میں 1800ء کی دہائی کے اوائل سے1930ء کی دہائی تک معمولی جدت لائی گئی ہے۔

ٹواسٹیا قلعہ

an image

فن لینڈ کے شہر ہیمینلِنا (Hämeenlinna) میں ایک قدیم قلعہ ٹواسٹیا (Tavastia) موجود ہے، جسے 13ویں صدی میں تعمیر کیا گیا تھا۔ یہ قلعہ واناجاویسی (Vanajavesi)جھیل کے کنارے بنایا گیا ہے۔ قلعے کی بیرونی دیواروں کے درمیان گول ٹاور بنایا گیا تھا، جس کے اوپر چھوٹے چھوٹے ٹاور تعمیر کیے گئے تھے۔ دیوار کے نچلے حصے میں گرینائٹ استعمال کیا گیا ہے جبکہ اوپری سطح پر سرخ اینٹوں کا کام ہے۔ 15ویں صدی کے وسط میں اس قلعے نے اپنی فوجی اہمیت کھودی تھی جوکہ 1639ء میں دوبارہ بحال ہوئی۔ 1953ء میں اس قلعے کی بحالی کا کام کیا گیا جبکہ 1979ء سے اس قلعے کو عوامی میوزیم بنادیا گیا۔