میرا کرونا سے شدید متاثر،وزیر اعظم کو درخواست لکھ ڈالی، درخواست میں کیا اپیل کی جان کر آپ بھی سوچ میں پڑ جائیں گے

2020 ,جولائی 18



کرونا کی تباہ کاریوں میں کمی آ رہی ہے۔ عیدایک آزمائش ہے‘ اس دوران احتیاط کی گئی تو محرم سے قبل کرونا سے اس حدتک نجات ممکن ہے کہ معمولات زندگی پری کرونا کی ڈگر پر آ جائیں۔ کرونا کے معاشی اثرات بہرحال تادیر موجود رہیں گے۔ اس حوالے سے جن لوگوں کی مالی مشکلات میں اضافہ ہوا ان کیلئے اداکارہ میرا کا وزیر اعظم کے نام خط رہنمائی کا باعث بن سکتا ہے۔

پہلے تو میرا نے مکھن لگاتے ہوئے کہا یہ بات انتہائی باعث تسکین ہے کہ آپ کی حکومت نے اس وبا سے لڑنے کی جو حکمت عملی اپنائی وہ پوری دنیا میں اپنی مثال آپ ہے اور یہی وجہ ہے کہ اس وقت بیشتر کاروبار زندگی بحال ہوچکے ہیں۔اسکے بعد میرا نے اپنی بپتا بیان کی،

جناب عالیٰ! میرے امریکہ میں فروری مارچ میں شوز ہونے تھے جو کورونا کے باعث ملتوی ہوگئے ، اس طرح مجھے کوئی 2 لاکھ ڈالر کا نقصان برداشت کرنا پڑا ، اس وقت میں شدید مالی بحران کا شکار ہوں ،گویا محترمہ کا دو لاکھ ڈالر یعنی تین کروڑ روپے کا جہاز چوری ہو گیا۔ 2015 میں مجھے پاکستان میں قیام کے دوران جان کا خطرہ تھا جسکی وجہ سے میں دبئی منتقل ہوگئی تھی۔ 2016 میں، میں نے دبئی میں پراپرٹی خریدی جس کی مالیت تقریباً 12لاکھ درہم ہے۔ میں 2016 سے باقاعدگی سے اقساط ادا کر رہی تھی اب تک 6 لاکھ درہم ادا کر چکی ہوں مگر امریکہ میں منسوخ ہونے والے شوزکی وجہ سے جنوری 2020 سے دبئی پراپرٹی کی اقساط ادا نہیں کرسکی۔

آخر میں میرا صاحبہ درخواست گزار بلکہ کشکول درازہیں کہ مشکل وقت میں آپ ایک امید کی کرن ہیں اقساط کی ادائیگی کیلئے ’’ آرٹسٹ ریلیف فنڈ ‘‘سے میری مالی مدد کی جائے تاکہ میں اپنی زندگی کے آخری سہارے دبئی پراپرٹی کو بچاسکوں۔ پاکستان میں کسی کو کاروبار کی کسی کو ملازمت کی کسی کو دوا کی اور کسی کو ایک وقت کی روٹی کی فکر ہے۔عظیم اداکاہ کو اپنا واحد سہارا دُبئی کی جائیداد بچانے کے لالے پڑے ہیں،اس کیلئے انہیں فوری طور پر ایک کروڑ روپے درکار ہیں۔

میرا نے کرونا سے مالی طور پر تباہ ہونیوالوں کیلئے ایک راستہ ضرور کھول دیا ہے۔ مالی مشکلات کا شکار ہونیوالے دادرسی کیلئے ایسے خطوط وزیراعظم کو ارسال کریں اور میرا کو متوقع طور پر ملنے والی رقم جتنی رقم پائیں.

متعلقہ خبریں