اور کچھ خواب بکھرنے کے نہیں تھے

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع اپریل 14, 2020 | 17:28 شام

وائٹ شلوار قمیض پہنے شیشے کے سامنے کھڑا وہ کسی شہزادے سے کم نہیں لگ رہا تھا ۔ ( دیکھنا جب تم وائٹ ڈریس پہنو گے تو بہت پیارے لگو گے ) اسکی آنکھوں کے سامنے پرانہ منظر لہرایا ۔۔۔۔

میں تمھارے لئے کچھ لائی ہوں ۔

if">کیا ؟ ماجد نے دلچسپی سے اسے دیکھا ،

خود دیکھ لو ۔۔ یہ کہہ کر گفٹ اسکی طرف بڑھایا ۔

یہ کیا ؟ یار حد ہے آپکو پتا ہے میں وائٹ کلر نہیں پہنتا پھر بھی آپ وائٹ ڈریس لے آئ ۔۔

میں اتنے پیار سے لائی ہوں ماجد ، 💔 اس نے برا سا منہ بنایا ۔

مجھ پہ اتنے حسین کلر سوٹ نہیں کرتے ، میں نہیں پہنوں گا سوری ۔

کیوں نہیں پہنو گے ؟

بس ایک ہی بار پہنوں گا اس رنگ کا کفن ۔۔۔

شٹ اپ ماجد ۔۔۔ایسی باتیں نہ کیا کرو ۔۔

جو بھی ہے پر میں یہ نہیں پہن رہا ۔

اچھا ٹھیک ہے نہ پہنو ، اپنے پاس رکھ لو سمبھال کر ،،

رکھ کر کیا کروں جب پہننا ہی نہیں ۔۔

رکھ لو نہ ۔۔۔ جس دن تمہیں مجھ سے محبت ہو جاۓ گی اس دن پہن لینا ، میں سمجھ جاؤں گی 🙊

اسکی بچکانہ بات پہ ماجد کو سمجھ نہیں آئ کہ وہ کیسے ریئکٹ کرے ۔ وہ زور سے ہنسنے لگا ۔۔۔

مجھے آپ سے کبھی محبت نہیں ہو سکتی ، اس خوش فہمی سے باہر نکلیں ۔

اور اگر ہو گئی تو ؟

سید ماجد شاہ محبت کے لئے بنا ہی نہیں ہے ، اس نے انگلی اٹھا کر اپنے سینے پہ دستک دی '' ایسی کوئی چیز نہیں جو مجھے ماجد کو پگھلا سکے ۔

اتنا غرور ؟؟

یہ غرور نہیں ہے اعتماد ہے خود پر ۔ اور یہ فلمی باتیں میری سمجھ سے باہر ہیں ۔

جس دن اس "سید ماجد شاہ" ارف شاہ صاحب کو محبت نے اپنی لپیٹ میں لے لیا اس دن پوچھوں گی ۔۔۔خیر چھوڑو ، ٹھیک ہے اس دن مت پہننا بلکہ یوں کرنا جس دن میں مر جاؤں تب پہن کر آ جانا ۔۔ 😑

افففففف کیسی باتیں کر رہی ہیں آپ ،،

مرنا تو ہے ہی ۔۔۔

اچھا بس چپ ۔۔ اور کیا لائی ہیں آپ میرے لئے ؟

قرآن پاک لائی ہوں ۔۔

سچ میں ؟ لائیں دیں مجھے ۔۔ یہ سب سے خوبصورت تحفہ دیا ہے آپ نے مجھے ۔❤

میں چاہتی ہوں جس دن تمہیں مجھ سے محبت ہو اس دن تم دوسرے عاشقوں کی طرح کوئی گانا یا شعر سنا کر مجھے پروپوز نہ کرو بلکہ قرآن کی تلاوت کرو میرے سامنے ۔۔❤

پھر وہی محبت ،،، میں نے کہا نہ مجھے محبت نہیں ہو سکتی پھر کیوں اتنے یقین سے کہتی ہیں آپ ؟

بس مجھے پتا ہے تبھی کہتی ہوں ۔۔

وہ منظر کسی دھند کی طرح آنکھوں سے غائب ہو گیا ۔۔ اب وہ وہیں شیشے کے سامنے کھڑا خود کو دیکھ رہا تھا ۔۔

آگے بڑھ کر اس نے وہی قرآن پاک اٹھا لیا ۔۔

اسکی سماعتوں سے پھر ایک آواز ٹکرائی ( اور جس دن تمہیں مجھ سے محبت کا اظہار کرنا ہو تو قرآن پاک کی تلاوت کرنا میرے سامنے بیٹھ کے )

قرآن کو سینے سے لگائے وہ کمرے سے باہر نکل آیا ۔۔

پیچھے سے کسی نے اسے پکار کر پوچھا تھا ۔۔ کہاں جا رہے ہو اس وقت تیار ہو کر ؟؟ ماجد ؟؟؟ خیریت تو ہے ؟

لیکن وہ کہاں سن رہا تھا کسی کی ۔۔ اس کے کانوں میں تو صرف ایک آواز گونج رہی تھی ۔ ( اور جس دن تمہیں محبت ہوگی تم کسی کی کوئی بات نہ سن سکو گے نہ سمجھ سکو گے )۔

وہ اب گاڑی میں بیٹھ چکا تھا ۔

زن کی آواز آئ اور گاڑی سڑک پر دوڑا دی اس نے ۔۔۔

ایک شاپ کے سامنے رکا ، تیز ہوا کا جھونکا آیا اور اسی کے ساتھ ہر طرف خوشبو پھیل گئی ۔

مجھے سفید کلر کے تازہ پھول چاہیے ۔۔

دکان دار نے بغور اسکا جائزہ لیتے ہوئے پوچھا ۔ کتنے چاہیے ؟

جتنے ہیں سب دے دو ۔۔۔

سب ؟

ہاں سب کے سب ۔۔۔ ( اور جس دن مجھ سے اظہار کرنے آؤ تو سفید پھول بھی لے کر آنا ) وہی آواز پھر سے اس کے کانوں میں گونجی ۔۔۔

یہ لیں ۔۔ صاحب جی ۔۔۔؟؟

جی ۔۔ اچانک سے دکان دار کی آواز سنائی دی ،

اس نے پیسے نکال کے دکان دار کو تھما دیئے۔

میرے پاس کھلے پیسے نہیں ہیں ۔۔

کوئی بات نہیں سارے رکھ لو ۔۔۔

پھولوں کو پکڑے وہ اپنی گاڑی کی طرف بڑھا ۔۔ ( اور جس دن تمہیں محبت ہوگی اس دن تم خود کو دنیا کا سب سے امیر انسان سمجھو گے )۔

پیچھے سے دکان دار بڑبڑایا تھا ، لگتا ہے دیوانہ ہے کوئی ۔۔

اس نے پھر سے گاڑی دوڑا دی ۔،۔۔۔

رات کا سناٹا ہر طرف پھیل چکا تھا اور دھند تھی کہ بڑھتی جا رہی تھی ۔ کوئی چیز نظر نہیں آ رہی تھی کہ اچانک سے اس کی کار دوسری کار سے جا لگی ،۔

کون ہے یہ پاگل کا بچہ جسے اتنی بڑی گاڑی نہیں نظر آئ ۔ایک آواز ابھری اور پھر ایک بھاری بھرکم انسان باہر نمودار ہوا ۔۔۔

باہر نکلو ذرا " اس نے ماجد کا گریبان پکڑ کے باہر نکالا ۔۔

تمہیں میری گاڑی نظر نہیں آئ ؟؟ دیکھو پچھلی لائٹ توڑ دی تم نے ، پی کر گاڑی چلا رہے ہو کیا ؟

آئ ایم سوری ۔۔۔معافی چاہتا ہوں سر ۔۔دھند کی وجہ سے نظر نہیں آ رہا تھا ، آپکا جتنا نقصان ہوا ہے میں بھرنے کو تیار ہوں ۔۔

یہ کہہ کر اس نے پیسے نکالے اور آدمی کو تھما دئیے ، میں معذرت خواں ہوں سر ،،، یہ کہہ کر وہ اس آدمی کے گلے لگ گیا ۔۔۔ ( اور جس دن تمہیں محبت ہوگی اس دن تمہاری یہ اکڑ یہ کھڑوس پن سب غائب ہو جاۓ گا ، تمہاری آنکھوں میں بے حسی ہر وقت دکھائی دیتی ہے ' اسکی جگہ محبت لے لیگی صرف اور صرف محبت )۔

نہیں اٹس اوکے کوئی بات نہیں ، کار والے کا لہجہ اچانک نرم ہو گیا ،

یہ پیسے بھی رہنے دو " صرف لائٹ ٹوٹی ہے میں خود ٹھیک کروا لونگا تم جاؤ لڑکے ۔۔ وہ ہلکا سا مسکرایا ۔۔۔

نہیں سر آپ یہ پیسے رکھ لیں پلیز۔۔میں چلتا ہوں مجھے کہیں پہنچا ہے ، وہ پھر سے اپنی گاڑی کی طرف بڑھا ،،،

پیچھے سے آدمی بڑبڑایا : یہ کوئی دیوانہ ہے ، جسے کسی کے غصے سے بھی کوئی فرق نہیں پڑتا ۔۔۔۔۔

جانے وہ کب سے ڈرائیو کر رہا تھا ، آخر کار وہ اپنی منزل تک پہنچ گیا ۔۔۔ اتنی مصافت تہہ کر کے رات کے آخری پہر وہ گاڑی سے باہر نکلا ۔۔

ایک ہاتھ میں پھول اور دوسرے ہاتھ سے قرآن پاک کو سینے سے لگائے آگے بڑھتا گیا ۔۔۔۔

وقت آ گیا تھا ۔۔ اظہار کا وقت ۔۔۔۔پھول پیش کرنے کا وقت ۔۔

کیسا لگ رہا ہوں ؟ وہ اس کے عین سامنے جا کھڑا ہوا ۔۔۔ جانتا ہوں پیارا لگ رہا ہوں ، آخر کار وائٹ پہن ہی لیا میں نے ۔۔۔

وہ اب نیچے بیٹھ چکا تھا ۔۔زمین پر ۔۔

یہ پھول آپ کے لئے لیا ہوں ، میرا بس چلتا تو پورا باغیچہ اٹھا لاتا ۔۔ اور پھر وہ خود ہی ہنس دیا ۔

آخر کار مجھے آپ سے محبت ہو ہی گئی ، آپکی دعا قبول ہو گئی ۔

اسکی آنکھیں بھیگنے لگی ۔۔۔

لیکن میں نے دیر کر دی نہ ۔۔واقعی بہت دیر کر دی ، جو بات مجھے کسی خوبصورت لمحے میں مسکراتے ہوئے کرنی تھی وہ بات میں یہاں اس سنسان قبرستان کی ایک سیاہ کتبے والی قبر پر بیٹھا رو کے کر رہا ہوں ۔۔ میں نے آپکی چاہتوں کا مان نہیں رکھا میں شرمندہ ہوں ۔۔۔

ایک آنسو لٹک کر اسکی قبر پہ جا گرا ۔۔۔ اور پھر جیسے اسکا ضبط ٹوٹ گیا اور وہ زور زور سے رونے لگا ۔

مجھے آپ سے محبت ہے بے حد محبت ہے ، سید ماجد شاہ آج ہار گیا آپ جیت گئی اور میں اپنی ہار تسلیم کرتا ہوں ،

وہ پھوٹ پھوٹ کے رونے لگا ۔۔

اسکی کہی ہوئی بات ایک بار پھر کانوں میں گونجی ( اور جب تمہیں مجھ سے محبت کا اظہار کرنا ہو تو میرے سامنے بیٹھ کر قرآن پاک کی تلاوت کرنا )

ہچکیوں سے روتے ہوئے اس نے قرآن پاک کی تلاوت شروع کر دی۔۔😢