ٹرمپو نگوڑے کی حماقت پکڑی گئی

2019 ,فروری 2



لاہور(شفق رپورٹ): ٹرمپ نے امریکہ میں شدید سردی کا حال بیان کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کے خوبصورت علاقوں میں برفانی ہواﺅں سے درجہ حرارت منفی 60 تک جا رہا ہے۔ زیادہ سردی بڑھی تو لوگ گھروں میں محصور ہو جائیں گے لہٰذا ”اے گلوبل وارمنگ پلیز! جلدی آجاﺅ ہمیں تمہاری ضرورت ہے۔“ ٹرمپ مخالفین نے ان کا مذاق اڑانا شروع کر دیا کہ انہیں اتنا بھی معلوم نہیں کہ موسم اور آب و ہوا دو الگ الگ چیزیں ہیں۔ مخالفین نے بظاہر ٹرمپ کی بڑی حماقت پکڑ لی‘ لیکن انہوں نے حضرت کے کلام بلاغت نظام پر غور کرنے کی زحمت گوارا نہیں۔ کاش! کہ انہوں نے پنجابی پڑھی ہوتی تو ہم انہیں پیر وارث شاہ کی اس پند کا حوالہ دیتے  وارث دا بولنا بھید اندر تے دانش مند نوں غور ضرور یارو! دراصل مخالفت ایک ایسی نامراد بیماری ہے کہ سب سے پہلے عقل و خرد پر حملہ آور ہوتی ہے۔ امریکیوں کو صدر ٹرمپ کی قدر کرنی چاہئے۔ ایسے صدر نصیبوں سے ملتے ہیں۔ امریکہ میں آج تک ایسا صدر ہوا ہے اور نہ آئندہ ہوگا۔ دنیا کے دو سو کے لگ بھگ ملکوں میں سوائے بھارت کے مودی کے ان کی ٹکر کا کوئی بھی سربراہ مملکت نہیں۔ ہردو کو خونریزی ہر حال میں عزیز ہے۔ امریکہ آنکھ کے اشارے سے اسرائیل کو بے گناہ فلسطینیوں کا خون بہانے سے روک سکتا ہے مگر اسرائیل کو آج تک امریکہ سے ٹرمپ سے زیادہ خیرخواہ اور حامی نہیں ملا۔ بالکل یہی حال بھارت کے شری مودی کا ہے۔ دنیا جہاں کے انسان دوست‘ کشمیریوں کے مطالبہ حق خودارادیت کو جائز سمجھتے ہیں‘ لیکن مودی اپنے فوجیوں کو جو کشمیریوں کے جذبہ آزادی کوکچلنے میں مصروف ہیں‘ روزانہ کی بنیاد پر جدید سے جدید ہتھیار فراہم کر رہا ہے۔

متعلقہ خبریں