موت سے زندگی کی طرف سفر

فضل حسین اعوان کی کتاب منظر عام پر آ چکی ہے ۔ جس کا تبصرہ کچھ یوں ہے۔ انسان کا زندگی سے موت کی طرف سفر جاری ہے۔ یہ سفر کب مکمل ہو جائے کوئی نہیں جانتا۔ موت کا ایک وقت مقرر ہے۔ جب یہ وقت آ جاتا ہے تو انسان موت کی وادی میں اتر جاتا ہے۔ سانس چلتی رہے تو انسان زندہ سانس رک جائے تو انسان مردہ۔ لیکن دنیا میں بے شمار لوگ ایسے ہیں جو موت کے منہ میں جاتے جاتے بچے۔ بعض کو ڈاکٹروں نے مردہ قرار دے دیا لیکن وہ زندہ بچ گئے۔ بعض خطرناک حادثات کا شکار ہوئے اور ان کے بچنے کی کوئی امید نہ رہی لیکن وہ زندہ رہے۔ فضل حسین اعوان معروف صحافی اور نوائے وقت کے کالم نگار ہیں۔ انہوں نے دو بچوں کے بارے ایک مضمون پڑھا اور یہ کتاب لکھنے کا منفرد خیال ان کے ذہن میں آ گیا۔ انہوں نے اپنے دوست احباب سے رابطے کیے اور جو لوگ موت کے منہ میں جاتے جاتے بچے تھے ان کے سچے واقعات اس کتاب میں شامل کیے ہیں۔ ان میں سیاستدان، صحافی، ادیب، سماجی رہنما غرض ہر شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد شامل ہیں۔ یہ ایمان افروز، سبق آموز، دل سوز، دلچسپ اور حیرت انگیز سچے واقعات انسان کو بہت کچھ سوچنے پر مجبور کر دیتے ہیں۔ انسان کی کم مائیگی اور اللہ تعالیٰ کی قدرت پر ایمان بڑھ جاتا ہے۔ کتاب کی اشاعت دیدہ زیب ہے۔ ہر شخص کو اس کا مطالعہ کرنا چاہیے۔
٭....٭....٭