2018 ,اگست 24
صنعاء (مانیٹرنگ رپورٹ) یمن میں سعودی اتحاد کے حال ہی میں کئے گئے فضائی حملے میں درجن بھر بچوں کی ہلاکت کے باعث عالمی سطح پر برپا ہونے والا ہنگامہ ابھی کم نہیں ہوا تھا کہ گزشتہ روز اس سے بھی بڑھ کر خوفناک واقعہ پیش آگیا ہے۔
سعودی مخالف حوثی باغیوں اور یمن میں موجود کچھ صحافیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ روز سعودی اتحاد کی جانب سے کی جانے والی فضائی بمباری میں 20 بچے جاں بحق ہوگئے ہیں جبکہ درجنوں زخمی بھی ہیں۔ فری لانس صحافی شعیب المساوا کے مطابق یہ واقعہ مغربی شہر حدیدہ میں پیش آیا۔ یمنی محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ درحیمی ڈسٹرکٹ میں بے گھر افراد کے کیمپ اور ایک نجی گھر کو نشانہ بنایا گیا اور اس حملے میں کل 31 افراد جاں بحق ہوئے جن میں سے 20 بچے بتائے جاتے ہیں۔ ان کے علاوہ درجنوں بچے زخمی بتائے جاتے ہیں۔
دوسری جانب متحدہ عرب امارات کی جانب سے ان دعوﺅں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ حوثی باغیوں نے ایک میزائل داغا تھا جس کی وجہ سے درحیمی کے علاقے میں ایک شخص ہلاک ہوا جبکہ درجن بھر زخمی ہوئے۔ دونوں جانب سے متضاد دعوے سامنے آرہے ہیں تاہم حتمی طور پر واضح نہیں ہے کہ اس واقعے میں کتنے افراد ہلاک ہوئے اور حملہ کس جانب سے کیا گیا۔