جنوبی کوریا کے سربراہ کا شمالی کوریا آمد پر پُرتپاک استقبال

پیانگ یانگ(مانیٹرنگ ڈیسک): جنوبی کوریا کے صدر مون جے اِن شمالی کوریا پہنچ گئے جہاں اُن کا پُر تپاک استقبال کیا گیا۔ جنوبی کوریا کے صدر اپنی اہلیہ کے ہمراہ شمالی کوریا کے تین روزہ دورے پر سنان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے جہاں شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن نے اپنی اہلیہ کے ہمراہ استقبال کیا۔

اس موقع پر ایئرپورٹ پر بڑی تعداد میں شہری بھی موجود تھے۔ دونوں رہنماؤں پر پھول نچھاور کیے گئے جب کہ ایئرپورٹ کو شمالی اور جنوبی کوریا کے جھنڈوں سے سجایا گیا۔ شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن اپنے دور صدارت میں پہلی مرتبہ بیرون ملک سے آنے والے کسی مہمان کا استقبال کرنے خود چل کر ایئرپورٹ پہنچے۔ایئرپورٹ سے جنوبی کوریا کے سربراہ کو قافلے کی صورت میں پیانگ یانگ کے گیسٹ ہاؤس لے جایا گیا جہاں دوپہر کے کھانے کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان اہم ملاقات ہوئی۔

دونوں رہنماؤں کی رواں برس ہونے والی اس تیسری اہم ملاقات میں جزیرہ نما کوریا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک بنانے کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا اور ایٹمی ہتھیاروں کے مستقبل سے متعلق اہم فیصلے کیے جائیں گے۔واضح رہے کہ اپنے تین روزہ دورے میں جنوبی کوریا کے صدر مون جے اِن شمالی کوریا کے صدر کم جونگ اُن سے آج اور کل ملاقات کریں گے۔ قبل ازیں دونوں رہنماؤں کے درمیان پہلی ملاقات رواں برس اپریل اور دوسری ملاقات مئی کو ہوئی تھی۔