اب میں اپنے باس وسیم اختر کو بھی نہیں سونے دوں گا “مصطفی کمال کو چیلنج ملتے ہی کراچی کی سیاست میں نیا میلہ لگ گیا

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک ) پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے میئر کراچی وسیم اختر کا چیلنج قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ دن رات کام کرنے والا آدمی ہوں،میں اپنی پوری صلاحیت سے کام کروں گا لیکن اگر کسی اور نے کام نہ کرنے دیا تو پھر یہ سب کراچی کی عوام کے سامنے ہو گا۔ ان کا کہنا ہے کہ اب میئر کراچی وسیم اختر میرے باس ہیں اور میں کے ایم سی کا باس ہوں ،مجھے کام کرنا بھی آتا ہے اور کام لینا بھی آتا ہے ،اب میں جن کا باس ہوںان کو بھی جگاﺅں گا اور جو میرے باس ہیں انہیں بھی رات کو جگا کر رپورٹ کیا کروں گا ۔تفصیلات کے مطابق پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ اور سابق سٹی ناظم مصطفیٰ کمال نے میئر کراچی کا چیلنج قبول کرلیا، مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے یوسی ناظمین کی چھٹی کا وقت آگیا ہے، میں نے شہر کی خدمت 24، 24 گھنٹے کی ہے۔انہوں نے کہا کہ میں دن رات کام کرنے والا آدمی ہوں، چیلنج دیا ہے تو کراچی کو صاف کرکے بھی دکھاوں گا۔مصطفیٰ کمال نے کہا کہ تین ماہ کے لیے ٹرک دے دیں پورا کراچی صاف کردوں گا، پہلے ان کا ادارہ کے ایم سی کا تھا، اب وہ میرے ہاتھ آگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کے ایم سی کا انچارج اب صرف میں ہوں، جو بھی بریفنگ ہوگی ابھی میونسپل کمشنر سے بات کروں گا، مجھے ساری چیزوں کی تفصیلات چاہئے جو کام کے لیے ضروری ہیں۔پی ایس پی سربراہ نے کہا ہے کہ کراچی کی صفائی میں مجھ پر اب کسی کا حکم نہیں چلے گا، آج سے میئر کراچی میرے باس اور میں ان کا باس ہوں، کراچی کے لوگوں کے لیے ہماری جان بھی حاضر ہے۔مصطفی کمال نے کہا کہ اگر کچرے میں کھڑا ہونا ہوا تو وہاں بھی بریفنگ دوں گا، کراچی کی صفائی کے لیے دن رات کام کروں گا آپ مجھے دیکھ لینا، میئر کراچی سے اپیل کرتا ہوں آپ کے ذریعے سے میری کال اٹھائی جائے، میری تینوں کمشنرز نے کال نہیں اٹھائی، میں یہاں کام کرنے آیا ہوں۔واضح رہے کہ کچھ دیر قبل میئر کراچی وسیم اختر نے مصطفیٰ کمال کو پروجیکٹ ڈائریکٹر گاربیج تعینات کیا تھا جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا تھا۔