2019 ,جولائی 27
راولپنڈی (مانیٹرنگ رپورٹ) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ شہدا اور ان کے اہل خانہ کوسلام پیش کرتا ہوں، ہر قیمت پر مادر وطن کا دفاع یقینی بنائیں گے ۔ آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاکہ شہدا اور ان کے اہل خانہ کو سلام پیش کرتا ہوں، پاک فوج ہر قیمت پر مادر وطن کا دفاع یقینی بنائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ حملہ دشمن قوتوں کےدم توڑتے عزائم کی علامت ہے ۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان استحکام سے پائیدار امن کی جانب گامزن ہے ، عالمی برداری علاقائی امن کیلئے اپنا کردار ادا کرے ۔
واضح رہے کہپاک فوج کے تعلقات عامہ کے شعبے آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان میں افغانستان سے دہشتگردوں نے سرحد کی نگرانی پر مامور پاک فوج کے دستے پر حملہ کیا، دہشتگردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں 6 جوان شہید ہو گئے، شہدامیں حوالدارخالد،سپاہی نوید،بچل،علی رضا،محمدبابراوراحسن شامل ہیں ،دہشتگردوں کے حملے پر پاک فوج کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی کی گئی جس پر دہشتگرد فرار ہو گئے۔
ادھر ایف سی اہلکار بلوچستان میں ہوشاب اور تربت کے درمیانی علاقے میں کامبنگ آپریشن میں مصروف تھے کہ اس دوران دہشت گردوں نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں افسر سمیت 4 اہلکار شہید ہو گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والوں میں کیپٹن عاقب جاوید، سپاہی نادر، سپاہی حفیظ اللہ اور سپاہی عاطف الطاف شامل ہیں۔میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ شمالی وزیرستان اور بلوچستان میں سیکیورٹی اہلکاروں کی شہادت خطے میں امن کے لیے پاکستان کی قربانیاں ہیں،سیکیورٹی فورسز کی کوششوں سے قبائلی علاقوں کی صورت حال بہتر ہوئی، اب توجہ سرحدی صورت حال بہتر کرنے پر مرکوز ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ دشمن عناصر بلوچستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں لیکن ان کی یہ کوشش انشاء اللہ ناکام ہو گی۔