دو ماہ کی بچی دل کا دورہ پڑنے سے ہلاک

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) : برطانیہ کے سفاری پارک میں اپنے والدین کے ہمراہ سیر و تفریح کے لیے آنے والی دو ماہ کی بچی کو دل کا دورہ پڑنے پر اسپتال منتقل کیاگیا تاہم بچی دوران علاج انتقال کرگئی۔ اتوار کے روز برطانوی ریاست مغربی مِڈ لینڈ میں واقع سفاری پارک میں اپنے والدین کے ساتھ آنے والی دو ماہ کی کمسن بچی کو اچانک دل کا دورہ پڑنے پر اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔مڈلینڈ پولیس کا کہنا تھا کہ واقعہ رونما ہوتے ہی پارک میں موجود دیگر شہریوں نے ایمبولینس کو فون کیا جس کے بعد ہوائی ایمبولینس کے ذریعے لڑکی کو اسپتال منتقل کیا گیا تھا، بچی اسپتال میں دوران علاج انتقال کرگئی۔

تصویر میں ہیلی کاپٹر ایمبولینس کو واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے
ان کا کہنا تھا کہ لڑکی کی موت کی تحقیقات کو مشکوک انداز میں نہیں لیا جارہا بچی کی موت اچانک دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی ہے۔ ہم اس مشکل وقت میں متاثرہ لڑکی کے اہل خانہ اور عزیزوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔پولیس افسر گرجیت سنگھ کا کہنا تھا کہ ’ ہم حادثے کے وقت پارک میں موجود افراد اور پارک عملے کے شکرگزار ہیں جنہوں نے لڑکی کی طبعیت خراب ہونے کی صورت میں فوری طبی امداد دی‘۔جبکہ سفاری پارک کی انتظامیہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کیا کہ صبح پارک میں والدین کے ہمراہ سیر و تفریح کے لیے آنے والی بچی کے ساتھ پیش آنے والے المناک حادثے کا سامنا کرنا پڑا جسے اچانک ہارٹ اٹیک ہوگیا تھا۔
واضح رہے کہ امراضِ قلب کے ماہر پروفیسر ڈاکٹر جورج کا کہنا تھا کہ خواتین تیزی سے دل کے مرض میں مبتلا ہورہی ہیں جس کی وجہ ذہنی اور جسمانی تناؤ ہے۔صحت کے عالمی جریدے پلس ون میں شائع ہونے والی ایک تحقیقاتی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مردوں کے بعد اب دنیا کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والی خواتین ذہنی تناؤ کی وجہ سے دل کے مرض میں مبتلا ہورہی ہیں۔تاہم مغربی مڈ لینڈ کے مقامی اسپتال کے ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ تاحال دو ماہ کی کمسن بچی کو اچانک دل کا دورہ پڑنے کی وجوہات پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد سامنے آئے گی کہ ہارٹ اٹیک کی وجہ کیا تھی۔