مقبوضہ کشمیر میں بھی یوم پاکستان کا اہتمام، فضائیں قومی ترانے سے گونج اٹھیں

2018 ,مارچ 23



سری نگر(مانیٹرنگ ڈیسک): دنیا کے دیگر ملکوں کی طرح مقبوضہ کشمیر میں بھی انتہائی جوش و خروش سے یوم پاکستان منایا جارہا ہے اور تمام تر پابندیوں کے باوجود پاک سرزمین کی صدائیں گونج رہی ہیں۔ مقبوضہ کشمیر کی ویب سائٹ ’گریٹر کشمیر‘ کے مطابق دختران ملت کی سربراہ اور حریت پسند رہنما آسیہ اندرابی کی سربراہی میں مقبوضہ کشمیر میں یومِ پاکستان کی مناسبت سے خواتین کی ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا، تقریب میں خواتین نے سبز ہلالی پرچم تھامے ہوئے تھے ، اس موقع پر قومی ترانہ بھی بجایا گیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آسیہ اندرابی نے کہا کہ دنیا میں صرف دو قومیں موجود ہیں ایک واحد لاشریک پر یقین رہنے والے مسلمان اور دوسرے اہل کفار ہیں۔ 14 اگست 1947 کے بعد برصغیر کے مسلمانوں کی شناخت صرف اور صرف پاکستانی ہے بقیہ تمام قومیتیں ذاتی شناخت بن گئی ہیں۔

حریت پسند خاتون رہنما نے کہا کہ قیام پاکستان کے بعد تمام قومیتیوں کی شناخت ذیلی شناختوں میں تبدیل ہو گئی ہیں اور سب سے بڑی و اہم شناخت پاکستان بن گئی ہے جو کہ قومی شناخت ہے۔ اسلام کی بنیاد پر، ایمان کی بنیاد پر، حضرت محمد ﷺ کی محبت اور قرآن کی دعوت پر برصغیر میں رہنے والا ہر مسلمان صرف اور صرف پاکستانی ہے۔واضح رہے دختران ملت ایک حریت پسند جماعت ہے جس کی سربراہ آسیہ اندرابی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر صدائے احتجاج بلند کرتی ہیں، دختران ملت ہر سال پاکستان کے قومی دن مناتی ہے۔

متعلقہ خبریں