مرگلہ ہلز نیشنل پارک،اسلام آباد

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع مارچ 10, 2018 | 06:06 صبح

مرگلہ ہلز نیشنل پارک، پاکستان کے ان چند پارکس میں شامل ہے جہاں آنے والے سیاحوں کی تعداد بہت زیادہ ہے اس کی وجہ غالباً یہ ہے کہ یہ راولپنڈی اسلام آباد سے بالکل متصل ہے۔ وادی پوٹھوہار میں واقع مرگلہ پہاڑیاں ایک عرصہ دراز سے نایاب و نادر پودوں، درختوں جڑی بوٹیوں مختلف اقسام کے جنگلی جانوروں اور پرندوں کا مسکن ہیں اس پورے علاقے کو نیشنل پارک کا درجہ دینے کی ضرورت یوں محسوس کی گئی کہ اس علاقے سے بالکل متصل اسلام آباد جیسے بڑے شہر کے آباد ہونے کی وجہ سے یہاں کے قدرتی ماحول اور جنگلی حیات کو بہت سے

خطرات لاحق ہوگئے تھے بڑے پیمانے پر درختوں کی کٹائی کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا تعمیراتی مقاصد کے لیے پہاڑوں کو توڑا جا رہا تھا

یہاں پائے جانے والے جنگلی جانور شکاریوں کے ہاتھوں رفتہ رفتہ ختم ہو رہے تھے مرگلہ پہاڑیوں کے حیاتیاتی نظام کو محفوظ اور قائم و دائم رکھنے کے لیے اپریل 1980میں اس علاقے کو ”مرگلہ نیشنل پارک“ قرار دے دیا گیا اس علاقے یعنی نیشنل پارک میں جا بجا پانی کے چشمے اور آبشار ہیں۔ ان چشموں او ر آبشاروں کا پانی اسی نیشنل پارک سے گذرنے والی کورنگ ندی میں شامل ہوتا ہے جو بالآخر سون میں شامل ہو جاتی ہے اسلام آبادشہر بھی مرگلہ ہلز نیشنل پارک کا حصہ ہے۔ مرگلہ ہلز نیشنل پارک، ماحولیات سے دلچسپی رکھنے والے سیاحوں کے لیے ایک نہایت ہی خوبصورت جگہ ہے۔