پاکستان اور کتے ۔۔۔

تحریر: ستار چوہدری

| شائع |

انقلاب وہاں آتے ہیں جہاں مظلوم متحد ہوں اور جہاں مظلوم اپنے اپنے پسندیدہ ظالم کیلئے آپس میں لڑیں وہاں انقلاب نہیں،قحط آتے ہیں۔۔۔ شیخ مجیب نے ایک انٹرویو میں بتایا پاکستان میں چار چیزوں کا پرچار کیا جاتا ہے،پہلے یہ کہ اسلام خطرے میں ہے،دوسرا پاکستان خطرے میں ہے، تیسرا یہ کہ ہندوستان ہمارا دشمن ہے،چوتھا یہ کہ ہرحالت میں کشمیر فتح کرنا ہے، پاکستان کے لوگ اپنی اس فریبی دنیا سے کبھی بھی نہیں نکل سکتے اور اس بیانیے کے ساتھ پاکستان کو کبھی بھی امن،ترقی اور عزت نصیب نہیں ہوگی۔۔۔ ایک محفل

میں حبیب جالب ملک میں مسلسل سیاسی ابتری پر پریشانی میں گم تھے،دوستوں نے پوچھا تو کہنے لگے میرے پاس بری خبر ہے !  مجھے یقین ہوگیا ہے" یہ ملک نہیں چلے گا"۔۔۔ یہ سن کر فیض احمد فیض بولے میرے پاس  اس سے بھی بری خبر ہے " یہ ملک ایسے ہی چلتا رہے گا۔۔۔  پی ڈی ایم پارٹ ٹو کے اتحادیوں کیلئے قابل غور،1975 کی  قومی اسمبلی،عبدالولی خان کی تاریخ ساز تقریر" مسٹر بھٹو ! آج آپ اسٹبلشمنٹ سے ملکر ہمارے خلاف غداری کے مقدمے بناکر ہماری پھانسی کے منصوبے بنا رہے ہو،یہ اجلاس گواہ ہے اگر تم اسی راستے پر چلتے رہے تو تم اپنے پاؤں پر نہیں،تمہاری لاش لاڑکانہ جائے گی"۔۔۔ ماڈل ٹاؤن کے منی لانڈرزنے مسٹر ٹین پرسنٹ کے  ساتھ اقتدار کی بندر بانٹ کرنے کے بعد جب کہا کہ اللہ تعالیٰ نے انہیں اقتدار سے ایک بار پھرنوازا ہے۔۔۔ مجھے ہلاکو خان کی بیٹی یاد آگئی۔۔۔قصہ کچھ یوں ہے۔۔۔بغداد پر تاتاری فتح کے بعد ہلاکو خان کی بیٹی شہر میں گشت کررہی تھی کہ ایک ہجوم پر اس کی نظر پڑی، پوچھا یہاں لوگ کیوں اکٹھے ہوئے ہیں؟ جواب آیا ایک عالم کے پاس کھڑے ہیں ، دختر ہلاکو نے عالم کو اپنے سامنے پیش ہونے کا حکم دیا ۔۔۔ عالم کو تاتاری شہزادی کے سامنے لا کھڑا کیا گیا۔ شہزادی مسلمان عالم سے سوال کرنے لگی۔ کیا تم لوگ اللہ پر ایمان نہیں رکھتے ؟
عالم : یقیناً ہم ایمان رکھتے ہیں۔
شہزادی : تو کیا تمھارا ایمان نہیں کہ اللہ جسے چاہے غالب کرتا ہے ؟
عالم: یقیناً ہمارا اسی پر ایمان ہے۔
شہزادی : تو کیا اللہ نے آج ہمیں تم لوگوں پر غالب نہیں کردیا۔
عالم : یقیناً کردیا ہے۔
شہزادی : تو کیا یہ اس بات کی دلیل نہیں کہ خدا ہمیں تم سے زیادہ چاہتا ہے۔
عالم : نہیں !
شہزادی : کیسے ؟
عالم : تم نے کبھی چرواہے کو دیکھا ہے ؟
شہزادی : ہاں دیکھا ہے۔
عالم : کیا اس کے ریوڑ کے پیچھے چرواہے نے اپنے کتے بھی رکھ چھوڑے ہوتے ہیں ؟
شہزادی : ہاں رکھے ہوتے ہیں۔
عالم : اچھا تو اگر کچھ بھیڑیں چرواہے کو چھوڑ کر کسی طرف کو نکل کھڑی ہوں اور چرواہے کی ایک نہ سن رہی ہوں تو چرواہا کیا کرتا ہے ؟
شہزادی : وہ ان کے پیچھے اپنے کتے دوڑاتا ہے تاکہ وہ ان کو واپس اس کی کمان میں لے آئیں۔
عالم : وہ کتے کب تک ان بھیڑوں کے پیچھے پڑے رہتے ہیں؟
شہزادی : جب تک وہ فرار رہیں اور چرواہے کے اقتدار میں واپس نہ آجائیں۔
عالم : تو آپ لوگ بھی زمین پر ہم مسلمانوں کے حق میں اللہ کے چھوڑے ہوئے کتے ہیں۔ جب تک ہم خدا کے در سے بھاگے رہیں گے اور اس کی اطاعت میں واپس نہیں آجائیں گے تب تک خدا تمہیں ہمارے پیچھے دوڑائے رکھے گا۔ تب تک ہمارا امن چین تم ہم پر حرام کئے رکھو گے۔ ہاں جب ہم خدا کے در پر واپس آجائیں گے اس دن تمہارا کام ختم ہوجائے گا۔۔۔
انہی" کرن ارجن" کی پچھلی ڈیڑھ سالہ حکومت گزشتہ کئی سالوں کی حکومتوں پر بھاری تھی،جب انہوں نے24کروڑ عوام کو ذبح کرکے رکھ دیا،ابھی تک لوگ یوٹیلٹی بلوں کی قسطوں میں پھنسے ہوئے ہیں،انہیں پھر چاقو،چھریاں پکڑا کر قوم پر مسلط کیا جارہا۔۔۔ سنا ہے اس بار نئے ہتھیار آزمانے کاپروگرام ہے۔۔۔بغدادی عالم کا سوال ! وہ کتے کب تک ان بھیڑوں کے پیچھے پڑے رہتے ہیں؟ شہزادی نے  کہا ! جب تک وہ فرار رہیں اور چرواہے کے اقتدار میں واپس نہ آجائیں۔