اہم خبریں

دن گن رہے ہیں راولپنڈی معاہدے پر عمل کروائیں گے، حافظ نعیم الرحمن

امیر جماعت اسلامی جس معاہدے کی بات کر رہے ہیں اس کے مطابق بجلی کی قیمتوں میں کمی کی جانی ہے۔ ایں خیال است و محال است و جنوں۔جسے یہ معاہدہ کہہ رہے ہیں ایک طبقے کے مطابق حکومت اسے جھانسا سمجھتی ہے۔چند روز قبل حافظ صاحب یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ جماعت اسلامی کسی پارٹی کے ساتھ اتحاد نہیں کرے گی۔
سیاسی اتحادوں کی بات عموماً انتخابات سے قبل یاحکومت گرانے کی کوشش کے لیے انتخابات کے بہت عرصے بعد کی جاتی ہے۔ اس پارٹی کو اتحاد کی ضرورت نہیں ہوتی جو تن تنہا خود کو الیکشن جیتنے یا حکومت گرانے کی پوزیشن میں سمجھتی ہے۔ کچھ عرصہ سے ہمارے ہاں حکومت بنتے ہی اسے گرانے کے منصوبے شروع ہو جاتے ہیں۔ حافظ صاحب کو شاید الیکشن سر پر آتے نظر آگئے ہیں جن میں جماعت اکیلے ہی سب سے نمٹ لے گی۔ کئی جماعتیں ان کی مقبولیت کے پیش نظر ان کے ساتھ اتحاد کی متمنی ہونگی تو امیر جماعت نے خبردار کر دیا بس بھئی بس، زیادہ بات نہیں ۔ کوئی اتحاد کی دستک دے کر خود شرمندہ ہو نہ ہمیں کرے۔ گویا اتحاد کی دکان پر بورڈ لگا دیا کہ ادھار بند ہے۔ جو جماعت کے کندھے پر سوار ہو کر ایوان میں جانا چاہتے تھے وہ مایوس ہونگے۔ مایوس تو وہ لوگ بھی ہوئے جو جماعت اسلامی  کے دھرنے سے بجلی کے بلوں اور مہنگائی میں کمی کی امید لگا کر بیٹھے تھے۔ جماعت کی دھرنے سے قبل کی اُڑان اور اُٹھان قابل دید تھی۔ دھرنے کے نتائج کا سوچ کر پُر امید عوام کی عید تھی۔نوے کی دہائی میں قاضی صاحب بھی ایسے ہی اُٹھے اور جماعت کو اٹھایا تھا۔ جماعت نے نعرہ مستانہ” ظالمو! قاضی آ رہا ہے“ بلند کر کے  کاخ امرا کے درو دیوار ہلا دیئے تھے۔جماعت نے اب بھی ایسا ہی دھرنے کے موقع پر ماحول بنا دیا تھا۔ حکمرانوں کے قدموں کے نیچے سے زمین سرکنے لگی تھی۔ اب قاضی صاحب کی طرح حافظ صاحب شمشیر برہنہ بن گئے تھے۔حکومت نے مذاکرات  کئے اور دھرنے کی جنگ جو دھوپ اور حبس میں مہنگائی اوربجلی بلوں کے ساتھ جاری تھی، ٹھنڈے کمرے میں آسانی سے ختم ہوگئی۔  یہ بل نصف کرانے آئے تھے ،حکومت نے عین اسی روز اڑھائی روپے اضافہ کر دیا۔ حکومت نے وعدہ کیا تھا کہ بل کم کر دیں گے کوئی مدت بھی طے ہوئی تھی۔ جماعت پُر یقین ہے کہ حکومت وعدہ پورا کرے گی۔ وعدہ وفا نہ کیا تو ایک بارپھر جماعت ہوگی دھرنا ہوگا اور دما دم مست قلندر ہوگا۔ حکومت کو خوف کے مارے اب تو وعدہ نبھانا ہی پڑے گا۔ جب صارفین کو اتنا بڑا ریلیف ملے گا تو جماعت کی مقبولیت آسمان سے باتیں کیوں نہیں کرے گی ۔ ایسے میں اسے کسی سے اتحاد کی کیا ضرورت ہے۔

کرونا کا خدشہ ہے، اویس لغاری ماسک پہن کر ایوان پہنچ گئے۔ دل کرتا ہے جپھی ڈال دوں: عمر ایوب

توانائی کے وزیر اویس لغاری کہتے ہیں کہ ان کو کورونا کی علامات ہیں مگر ابھی ٹیسٹ نہیں کرایا۔ عمر ایوب نے اس موقع پر کہا کہ دل کرتا ہے  ان کو جپھی ڈال لوں۔ کرونا ایک سے دوسرے کو ہی نہیں تیسرے چوتھے آٹھویں دسویں اور پچاسویں ساٹھویں کو بھی ہو جاتا ہے مگر اب یہ اتنا خطرناک نہیں رہا جتنا اپنے آغاز  میں تھا۔ کرونا میں مبتلا شخص کے گھر والے اسے ہسپتال پھینک جاتے۔کتنے ڈاکٹر اور میڈیکل سٹاف کے لوگ علاج کرتے کرونا میں مبتلا ہو کر اگلے جہان پہنچ گئے تھے۔ جنازے شروع میں کس طرح ہوتے تھے بلکہ کئی کے جنازے تو ہوئے ہی نہیں۔ کفن دینا اور میت کو نہلانا بھی ناممکنات میں سے تھا۔ وہ دورہوتا تو لغاری صاحب یوں کہہ رہے ہوتے، نہ گھوم پھر رہے ہوتے۔ بہرحال اسمبلی میں اپوزیشن نے ان کو ایوان چھوڑنے پر ”آمادہ“ کر دیا۔ عمر ایوب کو ان پر پیار آیا یا کرونا پر؟ ہو سکتا ہے عمر ایوب کرونا پروف ہوں .اس لیے جپھی ڈالنے کو ان کا دل کیا۔ کرونا جیسی بیماری کسی کو نہ ہو۔ اس کے باوجود کہ یہ پہلے کی طرح اب خوفناک اور ہلاکت خیز نہیں ہے۔ آئی پی پیز  کی کپیسٹی پیمنٹ نے صارفین کا تن من  جلا دیا ہے ۔ وہ   انکو ایک آنکھ بھی نہیں بھاتے، ان کی طرف سے عوام کے چودہ طبق روشن جبکہ گھر اور کاروبار اندھیروں سے بھر دیئے گئے ہیں۔ یہ کتنے ظالم ہیں۔ جتنے بھی ظالم ہیں۔ اویس لغاری کی ان سے میل ملاقاتیں ہوتی ہیں مگر ہم قطعی مشورہ نہیں دیں گے کہ وہ ان کو کرونا سمیت جپھی ڈال کر ملیں۔البتہ کوئی دہشتگرد  جو بغیر جیکٹ کے ہو اسے بلا تامل جپھی ڈال لیں۔

پیسے ڈبل کرا لو

بھارت میں بھی پاکستان کی طرح ڈبل شاہ پیدا ہوا اور پکڑا گیا 
پاکستان میں سبط حسن انڈیا میں بشال 
اداکارہ سومی بورا نے تہلکہ مچادیا 

پاکستان میں ایک ڈبل شاہ پیدا ہوا تھا جو جمع کرائی گئی رقم ڈبل کر کے لوگوں کو دینے لگا کچھ عرصہ تو یہ کاروبار چلتا رہا اور پھر اس کے پاس اربوں روپے ڈبل ہونے کے لیے جمع ہو گئے۔ بالآخر اس نے لوگوں کو فریب اور جھانسا دینا شروع کیا تو پکڑا گیا ۔جیل میں گیا اور جیل سے رہا بھی ہوگیا  جلد ہی اس کی موت ہو گئی تھی۔ اب بھارت میں بھی ڈبل شاہ پیدا ہوا ہے وہ بھی پکڑا گیا لیکن یہ اکیلا نہیں ہے اس کے ساتھ اس کی اہلیہ بھی ہے۔ان کی گرفتاری کی دلچسپ روداد ہے۔مگر ماسٹر مائنڈ کوئی اور تھا یہ کیسے واردات کرتے تھے یہ اپ کے سامنے رکھتے ہیں۔
انڈیا کی ریاست آسام میں آن لائن سٹاک ٹریڈنگ کے  فراڈ میں پولیس نے معروف فلم سٹار اور کوریو گرافر سومی بورا اور ان کے فوٹوگرافر شوہر تارکک بورا کو گرفتار کیا ہے۔

مقامی ذرائع ابلاغ کی خبروں میں اسے 2200 کروڑ روپے مالیت کی جعلسازی کہا گیا ہے۔ اس معاملے کی تفتیش کے لیے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے اور ریاست میں کئی اور لوگوں کی گرفتاری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

پولیس کو شبہ ہے کہ سومی بورا اس کیس میں ملوث ہیں اور ہو سکتا ہے کہ فلم انڈسٹری کے کئی لوگوں کے ساتھ بڑے پیمانے پر جعلسازی کی گئی ہو۔

سومی بورا اور ان کے شوہر ایک ہفتے سے روپوش تھے جس کے بعد جمعرات کو پولیس کے مطابق مشرقی آسام کے شہر ڈیبرو کڑھ میں انھیں گرفتار کیا گیا۔

پولیس کی طرف سے ان سے تفتیش کی جا رہی ہے تاہم ایک ویڈیو پیغام میں ان کا کہنا ہے کہ وہ اس گھپلے میں ملوث نہیں اور ان کا ’میڈیا ٹرائل‘ کیا جا رہا ہے۔

دوسری طرف اس گرفتاری کے بعد ریاستی پولیس کے سربراہ گیانیندر پرتاپ سنگھ نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا ’ان کا کھیل اب ختم ہوا۔‘

اس بارے میں تفتیش ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے، اس لیے زیادہ تفصیل سامنے نہیں آ رہی ہے۔ ایک تفتیش کار نے بی بی سی کو بتایا کہ اب تک کی تفتیش سے پتا چلا ہے کہ اس میں کئی ہزار افراد کو ٹارگٹ کیا گیا ہے۔

چونکہ یہ ٹریڈنگ سکیورٹی اینڈ ایکسچینج بورڈ آف انڈیا کے ساتھ رجسٹریشن کے بغیر کی جا رہی تھی اس لیے اس کے تحت لین دین غیر قانونی ہے۔ تفتیش کار کے مطابق یہ ممکن ہے کہ اس گھپلے میں پیسہ لگانے والے لوگ اسی لیے سامنے نہیں آ رہے ہیں۔

انھوں نے مزید بتایا کہ سٹاک ٹریڈنگ کے اس گھپلے کے ملزم بشال پھوکن سے پوچھ گچھ سے اب تک ’سو کروڑ روپے سے زیادہ کے ٹرانزیکشن کا پتا چلا ہے۔‘
آن لائن سٹاک ٹریڈنگ کا معاملہ کیا ہے؟
تفتیش کاروں کے مطابق اس گھپلے کا طریقہ کار یہ تھا کہ اس میں سرمایہ کاروں کا پیسہ کمپنیوں کے شیئرز میں لگایا جاتا تھا۔ جبکہ سرمایہ کار سے وعدہ کیا جاتا تھا کہ دو مہینے میں ان کے پیسے پر 30 سے 40 فیصد کا فائدہ ہو گا۔

پولیس کے مطابق سرمایہ کار کا پیسہ ’کاسمیٹک اکاؤنٹنگ کے ذریعے کچھ پرائیوٹ غیر درج شدہ کمپنیوں میں لگایا جاتا تھا تاکہ یہ کمپنیاں فائدہ اٹھانے کے لیے اپنے کھاتوں میں خرد برد کر سکیں ۔

اب تک کی تفتیش کے مطابق ملزمان نے مبینہ طور پر ابتدا میں گاہکوں کو راغب کرنے کے لیے ان کے پیسے کو دگںا کرنے اور بازار سے کہیں زیادہ اچھا منافع دینے کا جھانسہ دیا۔

ان پر یہ بھی الزام ہے کہ اعتماد حاصل کرنے کے لیے کچھ گاہکوں کو شروع میں اچھے پیسے دیے گئے تاکہ وہ دیگر لوگوں میں اس سکیم کو مشتہر کر سکیں۔

22 سالہ مرکزی ملزم بشال پھوکن پر آن لائن سٹاک ٹریڈنگ کا کام شروع کرنے کا الزام ہے۔ وہ ایک کامرس گریجویٹ ہیں۔

تفتیش کاروں کے مطابق وہ سٹارک ٹریڈنگ کے ذریعے سوشل میڈیا پر مشہور ہوئے تھے جس کے بعد انھوں نے اداکارہ سومی بورا سے رابطے کیا۔

پولیس کے تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ بشال سے پوچھ گچھ کے دوران اداکارہ کا نام سامنے آیا۔

بشال نے مبینہ طور پر فلم انڈسٹری میں سومی کو استعمال کیا تاکہ وہ زیادہ پیسے لگانے والے گاہکوں کو راغب کر سکیں۔ پولیس کے مطابق سومی کی مدد سے بشال کو بڑی تعداد میں ایسے گاہک ملے جنھوں نے آن لائن ٹریڈنگ میں پیسہ لگایا۔

جبکہ سومی پر الزام ہے کہ انھیں نئے سرمایہ کاروں کے عوض کمیشن ملتا تھا۔

مقامی میڈیا نے ایک اعلی پولیس افسر کے حوالے سے خبر دی ہے کہ ’بشال نے سومی کو گاہک لانے کے محض دو مہینے میں بھاری کمیشن دیا۔ اس نے سومی کے ایک غیر ملکی دورے کے لیے مبینہ طور پر ڈھائی کروڑ روپے ادا کیے۔ اس نے سومی کو مہنگے کڑے خریدنے کے لیے بھی مبینہ طور پر ایک کروڑ روپے دیے۔‘

دوسری طرف بشال سوشل میڈیا پر اپنے دبئی اور دوسرے ملکوں کے دوروں کی تصاویر شیئر کرتے تھے۔ بعض سرمایہ کاروں نے پولیس میں دھوکہ دہی کی شکایت درج کرائی اور الزام لگایا کہ وہ ’گاہکوں کا پیسہ مارکیٹ میں نہ لگا کر اپنے لگژری دوروں، مہنگی کاروں اور گھڑیوں پر لگا رہے تھے۔‘

ایک تفتیش کار نے بتایا کہ بشال کی تفتیش سے اب تک کم از کم 900 گاہکوں کا پتا چلا ہے۔ پولیس کو اندازہ ہے کہ مزید تفتیش سے چار سے پانچ ہزار گاہکوں کے نام سامنے آ سکتے ہیں۔

پولیس کے مطابق اسے اب تک 106 کروڑ روپے کے لین دین کی تفصیلات مل چکی ہیں۔

ایک تفتیش کار نے بی بی سی کو بتایا کہ کہ ’جب پولیس اہلکار بشال کے گھر اور دفتر سے سامان ضبط کرنے پہنچے تو وہاں لگژری گاڑیوں اور مہنگے سامان کا اتنا بڑا ڈھیر تھا کہ انھیں ضبط کرنے کے لیے اعلی افسران کو بلانا پڑا۔‘

دریں اثنا اداکارہ سومی نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ وہ اس گھپلے میں ملوث نہیں ہیں اور ان کا میڈیا ٹرائل کیا جا رہا ہے۔ انھوں نے الزام لگایا ہے کہ ان کے بارے میں چھوٹی خبریں پھیلائی جا رہی ہیں جس کے سبب ان کی فیملی کو نقصان پہنچ رہا ہے۔

آسام میں آن لائن سٹاک ٹریڈنگ کے اس گھپلے کی گونج ریاستی اسمبلی میں بھی سنائی دی ہے۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا ہے کہ اس معاملے کی جانچ بہت گہرائی سے ہونی چاہیے تاکہ اس میں ملوث کوئی بھی شخص قانون کی گرفت سے بچ نہ سکے۔

ریاست کے وزیر اعلی ہیمنت بسو اشرما نے کہا ہے کہ اس معاملے میں فلم انڈسٹری کے اور بھی کئی لوگ ملوث ہوسکتے ہیں مگر کسی کو چھوڑا نہیں جائے گا۔
چلتے چلتے ڈبل شاہ کی بات بھی کرتے چلتے ہیں۔ وزیر آباد گوجرانوالہ کے رہائشی سید سبط الحسن شاہ کو ڈبل شاہ کہا جاتا ہے۔ اس نے پونزی اسکیم سے رقم دوگنی کرنے کا جھانسہ دے کر محض 18 مہینوں میں 7 ارب روپے کمائے۔ شروع میں وہ صرف 15 دنوں میں رقم دوگنی کر کے واپس کر دیا کرتا تھا۔ بعد میں یہ مدت بڑھتے بڑھتے 70 دنوں تک جا پہنچی۔
آخری ایام
ترمیم
سیّد سبط الحسن عرف ڈبل شاہ کو رہائی کے 16 ماہ بعد اکتوبر 2015ء کو لاہور میں ہارٹ اٹیک ہوا۔اسے ”پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی“ لے جایا گیا۔اس کی طبیعت تھوڑی بحال ہوئی، یہ گھر آیا لیکن پھر یہ شخص 30 اکتوبر 2015ء کو انتقال کر گیا۔

کوسٹا کنکوڈیا....بزدل اور کائر کپتان

برازیل میں دو انجنوں والا طیارہ گر کر تباہ ہوا۔یہ  ایک عجیب  حادثہ تھا۔ یہ کاغذ کے جہاز کی طرح زمین پر ہوا میں لہراتا اور بل کھاتا ہوا آگیا۔ اس وقت  ژالہ باری ہو رہی تھی۔پائلٹ جہاز کو اوپر کی طرف لے جانے لگا۔اسی دوران سپیڈ زیرو ہوگئی۔ جہاز ایک میٹر بھی آگے نہیں جاتا۔ چکراتے ہوئے آبادی پر گر جاتا ہے۔ جہاز کے اندر تمام کے تمام باسٹھ افراد موت کے منہ میں چلے گئے۔ ایسا ہی واقعہ چند سال قبل ہمارے ہاں فوکر کو سکردو میں پیش آیا۔ جب اس کے ایک انجن نے الٹا گھومنا شروع کر دیا تھا۔ جنید جمشید بھی اس حادثے میں جاں بحق ہوئے۔
پائلٹ مسافر جہاز کا ہو، فائٹر اور بمبار یاپھر بحری جہاز کا۔ اس کو اپنے سے زیادہ انسانوں کی جان عزیز ہوتی ہے۔ جو خواہ جہاز کے اندر ہوں یا باہر۔ یہ پائلٹ کی تربیت کا حصہ ہے۔ مگر کچھ ایسے لوگ بھی ان انڈسٹریز میں آ جاتے ہیں جو رسوائی کا سبب بنتے ہیں۔ پائلٹ یا کیپٹن کیلئے مضبوط اعصاب کا ہونا  اور حواس کوبحال رکھنا ضروری ہے۔ان کا امتحان اس وقت ہوتا ہے جب ایمرجنسی  درپیش ہو۔
آج تک دنیا کا سب سے بدتر حادثہ ٹائی ٹینک کو پیش آیا۔یہ اس وقت دنیا کا سب سے بڑا بحری جہاز تھا ۔ اس حادثے کے سو سال بعد اس سے بڑے جہاز کوسٹا کنکوڈیا کو حادثہ پیش آیا ۔اس میں 4252  افراد تھے۔ ان میں سے 32 آنجہانی ہوئے جبکہ جہاز ہمیشہ کے لیے ناکارہ ہوگیا۔اس حادثے میں ایک شخص بھی موت کے منہ میں نہ جاتا اگر کیپٹن نے معاملات کو نہ بگاڑا ہوتا۔ پہلے  مختصراً بات کرتے ہیں ٹائیٹینک کی۔یہ ٹائی ٹینک کا  پہلا سفر تھا۔ اس پر بائیس سو افراد سوار تھے۔ برطانیہ ساؤتھیمپٹن سے اس نے نیو یارک جانا تھا۔15 اپریل 1912ء کو یہ جہاز برف کے ایک تودے سے ٹکرایا اور ٹوٹ گیا۔ اس کے مالک بروس اسمے  مسافروں میں شامل تھے۔  حادثہ رات کے پچھلے پہر پیش آیا۔قریب پہنچ کر کیپٹن کو آئس برگ نظر آیا تو پوری قوت سے اس نے جہاز کو ایک طرف گھما دیا۔ بس اسی دوران سامنے کے بجائے ایک سائیڈ کے درمیان میں تودے نے  ٹکرا کرجہاز کے تار و پود بکھیر دیئے ۔ اس کے ملبے کو ٹائٹن آبدوز میں لوگ دیکھنے جاتے رہے ہیں جو گزشتہ سال جون 2023 ء میں  حادثے کا شکار ہوئی۔اس میں پاکستانی بزنس مین داؤد اور انکے بیٹے سلمان سمیت پانچ مسافر اور مالک مارے گئے۔ ٹائی ٹینک کے دونوں حصے ایک دوسرے سے 800میٹر کی دوری پر ہیں۔ ان کے درمیان ٹائٹن کا ملبہ پڑا ہے۔


ٹائی ٹینک کے صرف7 سو مسافر بچ پائے تھے۔15سو سے زیادہ ڈوب گئے۔ جہاز کے22انجینئروں  میں سے کوئی زندہ نہیں بچا۔ ان کی کوشش تھی کہ مسافروں کو جہاز سے نکلنے کے لیے لائٹیں جلتی رہیں۔ بروس اسمے نے جہاز کی روانگی سے قبل نہ جانے کس ترنگ میں کہا تھا کہ جہاز کو اس قدر مضبوط بنادیا ہے کہ یہ ڈوب نہیں سکتا۔ اسے تو خدا بھی نہیں ڈبو سکتا۔ شاید اس کے تکبراور غرور کے باعث ہی یہ سب کچھ ہوگیا۔ جہاز میں اسی یقین کے باعث  لائف بوٹس بہت کم رکھی گئی تھیں۔ جہاز ڈوبنے لگا تو بروس اسمے پہلا شخص تھا جو لائف بوٹ میں بیٹھ کر نکل گیا جبکہ آخری شخص ڈیوڈ جان سمتھ تھا۔ 


آخری کشتی کے مسافروں کو اپنی طرف تیرکر آتا ہوا ایک شخص دکھائی دیتا ہے۔ وہ کشتی میں سوار ہونا چاہتا ہے۔اسے بتایاگیا کہ کشتی پہلے ہی اوورلوڈ ہے۔ اس پرتیراک پیچھے ہٹ گیا اور کہا "All right boys. Good luck and God bless you"۔یہ ڈیوڈ جان سمتھ، ٹائٹینک کا پائلٹ  تھا۔جو الفاظ  اس نے کہے وہ تاریخ کا  سبق اورحصہ بن گئے۔
اب بات کرتے ہیں کوسٹا کنکوڈیا کی۔یہ 13جنوری2012ءکی شام کو اٹلی سے یورپ کے 7روز کے وزٹ پر روانہ ہوتا ہے۔ اس کی پہلی منزل اٹلی کا شہر سوونا تھی۔یہ جہاز 290میٹر لمبا اور 20میٹر چوڑا تھا۔ اس میں لگژری کی ہر ممکنہ سہولت موجود تھی۔ اس کے کیپٹن کرسٹوفر شیٹینو تھے۔ شیٹینو نے شپ انڈسٹری میں شمولیت اختیار کی تو اس کے استاد ماریو پولمبو تھے۔ ماریو کا گھر کوسٹا کنکوڈیا کے اس سفر کے راستے جزیرہ گیگلیو میں تھا۔ شیٹینو نے سوچا کہ جزیرے کے قریب سے گزرتے ہوئے اپنے استاد کوٹربیوٹ پیش کرنے کیلئے  ہارن بجایا جائے۔ اس کے ساتھ ہی اس نے جہاز کو جزیرے کے قریب کرنا شروع کر دیا۔ اس نے ماریو کو کال لگائی کہ ہم آپ کے جزیرے کے قریب سے گزر رہے ہیں اور سلام پیش کرنا چاہتے ہیں۔ ماریو نے بتایا، وہ اس وقت دوسرے شہر میں ہیں مگر جہاز جزیرے کے قریب آ رہا تھا۔ جہاز کو8کلو میٹر سمندر کے اندر ہونا چاہیے لیکن یہ کنارے سے ڈیڑھ سو میٹر  قریب آگیا ۔اسی بیچ ایک خوفناک دھماکہ ہوتا ہے جس سے مسافر لرز کے رہ جاتے ہیں۔ دھماکہ پتھروں سے ٹکرانے سے ہوا ۔ اس دوران شیٹینو ہارن بجا چکا تھا۔ دھماکے کے ساتھ ہی جنریٹر بند ہوئے اور جہاز تاریکی میں ڈوب گیا۔ گھبرائے ہوئے مسافروں نے پوچھا کیا ہوا ہے تو شیٹینو نے بتایا کہ کچھ نہیں ہوا۔

جنریٹر بند ہونے سے معمولی سا حادثہ ہوا ہے جبکہ پتھر سے جہاز میں70فٹ شگاف پڑ گیا تھا۔ شیٹینو کو معلوم تھا کہ جہاز ڈوب رہا ہے مگر وہ کسی کو بھی نہیں بتارہے تھے۔مسافروں کے رابطہ کرنے پرکوسٹ گارڈز نے بھی پوچھا تو شیٹینو نے بے فکر رہنے کو کہا۔وہ جھوٹ پر جھوٹ بولے جا رہے تھے۔ انجن ابھی کام کر رہا تھا۔ شیٹنو نے یہ سوچ کر کہ جہاز ڈوبا تو جزیرے سے دور امداد پہنچنا مشکل ہوگا۔ جہاز کو  گیگلیو کی جانب پیچھے لے جانے کی کوشش کی۔ جیسے ہی موڑا ،جہاز پہلے ایک طرف پھر دوسری طرف جھک گیا۔ یہ جھکاؤ 70 ڈگری پر چلا گیا تھا۔ کپتان مہاراج نے جب دیکھا کہ معاملات بے قابو ہو رہے ہیں تو مسافروں کو جہاز چھوڑنے کو کہا۔ اس دوران پتھر کی ٹکر کو ایک گھنٹہ ہو گیا تھا اور رات کے11بج چکے تھے۔ افراتفری مچی ہوئی تھی  ۔ لوگ کچھ سمندر میں کود کر اور کچھ کشتیوں میں شیٹینو کے استاد پولمبو کے جزیرے گیگلیو پہنچنے میں کامیاب ہو گئے۔بروس اسمے کی طرح پائلٹ شیٹینو پہلا شخص تھا جو لائف بوٹ میں کود کر ساحل کی جانب چلا گیا۔ اس کا بعد میں مضحکہ خیز موقف تھا کہ جہاز 70 ڈگری تک الٹا تو میرا پاؤں پھسل گیا اور میں  سیدھا لائف بوٹ میں جا گرا۔ اسے کوسٹ گارڈزکے کمانڈر نے ڈانٹتے ہوئے کہا کہ واپس جاؤ تو شٹینو کا کہنا تھا میری طبیعت ٹھیک نہیں ،میں واپس نہیں جا سکتا۔ کیس چلا تو اس  کو سولہ سال قید ہوئی۔ اسے بزدل اور کائر کیپٹن کے نام سے جانا جاتا ہے ۔ جہاز کو سیدھا کرنے، مسافروں کو ہر جانے اور دیگر مدوں میں جہاز کے مالک کو دو ارب ڈالر ادا کرنا پڑے۔اسے شیٹینو کےہارن بجانے کا شوق دو ارب ڈالر میں پڑا۔شیٹینو کے استاد ماریو پولمبو کا کہنا تھا شیٹینو ہمیشہ سے ہی  جھوٹے تھے۔ کافی معاملات میں اپنی غلطیاں تسلیم کرنے  بجائے جھوٹ بولتے۔ سبق یہ ہے کہ کبھی بھی  بزدل کو جہاز کا کپتان، ذہنی مریض کو اداروں کا مہان،جھوٹے کو حکمران اور بد کردارکو گھر میں مہمان نہ بنائیں۔

داستان عبرت و حسرت

شہنشاہ ایران محمد رضا شاہ پہلوی کا اقتدار سوا نیزے پر تھا۔ اسکے ولی عہد بیٹے رضا پہلوی نے برطانیہ کے دورے پر بکنگھم پیلس میں ٹھہرنے کی خواہش کا اظہار بہ اصرارکیا۔ شاہی روایات،قانون اورپروٹوکول کے مطابق برطانوی شاہی خاندان کے سوا کسی کو شاہی محل میں ٹھہرنے کی اجازت نہیں مگر اس دور میں ایران جیسی بادشاہت کو ناراض بھی نہیں کیا جا سکتا تھا۔ اس کا حل یہ نکالا گیا کہ ملکہ برطانیہ نے ایران کے ولی عہد کو اپنا منہ بولا بیٹا بنایا جس سے اسے شاہی محل میں ٹھہرنے کی اجازت مل گئی۔ گردش زمانہ اور بے رحمی  افلاک ملاحظہ فرمائیے، شہنشاہ ایران تخت نشینی سے خاک نشین ہوا تو دنیا نے آنکھیں پھیر لیں۔ اسکے جہاز کا رخ برطانیہ عظمیٰ کی طرف ہوا، اسی برطانیہ کی طرف جس شہنشاہ کے ولی عہد بیٹے کے نخرے اٹھانے کیلئے اسے اپنا بیٹا بنا لیا تھا اسی حکومت نے شہنشاہ کا جہاز اپنی سرزمین پر اترنے کی اجازت نہ دی۔ اس کہانی کوسرِ دست یہیں چھوڑتے ہیں۔
اس دور میں دنیا کی چار طاقتور ترین‘ خوبصورت اور اثر و رسوخ رکھنے والی بیگمات کی بڑی دوستی اور شہرت تھی۔ ان چار کی مختلف ممالک میں محفلیں سجتیں اور ہر چار ایک سے بڑھ کر شمع محفل ہوا کرتی تھی۔ شہنشاہ ایران کی ملکہ فرح دیبا‘ مصر کے صدر انورسادات کی بیگم جیہان سادات‘ پرنس علی خان کی زوجہ یاسمین اور کینیڈا کے وزیراعظم پیئر ٹروڈو کی وائف مارگریٹ ٹروڈو اپنے شوہروں کے اقتدار اور امارت کے بل بوتے پر طاقت کی علامت سمجھی جاتیں اور معاملات پر کنٹرول رکھتی تھیں۔ اس دور میں جانے کیلئے محض مارگریٹ ٹروڈو کی شخصیت کی تھوڑی سی نقاب کشائی کر لیتے ہیں۔
1970ء کی دہائی تھی، کینیڈا اپنے ایک جواں عزم، متحرک، فعال وزیراعظم پیئرایلیٹ ٹروڈو کی وجہ سے خبروں میں رہتا تھا۔ اپنے ملک کیلئے وہ بہت کام کررہے تھے۔ بڑی تبدیلیاں آرہی تھیں۔ شہریوں کی تعلیم، صحت، انشورنس کیلئے بہت سی سہولتیں دی گئیں۔51سالہ کنوارے وزیراعظم ایک 22سالہ دوشیزہ مارگریٹ کی زلفوں کے اسیر ہوگئے۔ پھر صرف کینیڈا ہی نہیں امریکہ سمیت دنیا بھر کے اخبارات نے عمر میں 29سالہ فرق رکھنے والے جوڑے کی تصویریں شائع کیں۔ کینیڈا والے خوش تھے کہ ان کا وزیر اعظم خوبصورت ہے۔ حس مزاح رکھتا ہے۔ حسن کا بھی قدردان ہے۔ ہماری خاتون اوّل حسین بھی ہے، جوان ہے، مصوری کا ذوق اور اداکاری کا شوق رکھتی ہے، لیکن یہ حسینہ عجیب فطرت تھی۔ اسے خاتون اول کی حیثیت سے پروٹوکول، پابندیاں، آداب پسند نہیں آئے ۔ جھگڑا رہنے لگا۔ ٹروڈو نے 1968ءمیں وزارت عظمیٰ سنبھالی۔ مارچ 1971ء میں شادی ہوئی۔کینیڈا کے آج کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو اس خوبصورت عالمی اہمیت کے جوڑے کے پہلے صاحبزادے 25دسمبر 1971ءکو پیدا ہوئے۔ مارگریٹ ایک بے چین روح تھی۔ شوہر سے اختلافات کی خبریں آتی رہیں۔ لوگ اونچے ایوانوں میں آنے کیلئے کیا کچھ نہیں کرتے ہیں۔ وہ اونچے ایوانوں سے نکلنے کیلئے بے تاب رہنے لگیں۔ بالآخر 1984 میں باقاعدہ طلاق ہو گئی۔ مارگریٹ نے یہ سب کچھ اپنی کتاب میں لکھا ہے۔


وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو، بیگم نصرت بھٹو نے کینیڈا کا دورہ کیا تھا۔ اسکے حوالے سے مارگریٹ نے اپنی کتاب میں لکھا تھا کہ سرکاری ضیافت میں پھانسی کی سزا گفتگو کا موضوع تھا۔ وزیر اعظم بھٹو ’سزائے موت‘ کی مخالفت کررہے تھے اور کتنے دکھ کی بات ہے کہ انکی زندگی کا انجام اسی سزا سے ہوا۔
پیئرایلیٹ ٹرڈو 2000 میں چل بسے۔ ٹروڈو کی زندگی کی آخری شب مارگیٹ اپنے بیٹوں کے ہمراہ سابق شوہر کے سرہانے موجود تھیں۔ اس وقت ان کا تاریخی جملہ کینیڈا والے یاد کرتے ہیں: ”صرف اس لئے کہ شادی کا بندھن ٹوٹ گیا،اس کا یہ مطلب تو نہیں کہ پیار بھی ختم گیا۔ “ مارگیٹ ٹروڈو چار کتابوں کی مصنفہ ہیں۔
مارگریٹ اپنے سابق خاوند کی طبعی موت، پھر اپنے ایک صاحبزادے کی حادثاتی موت سے بہت دلبرداشتہ ہوئیں۔ کچھ عرصہ ماہرین نفسیات کے زیر علاج رہیں۔ تازہ کتاب میں ہسپتال کے دنوں کی روداد بھی درج کی ہے۔
اب عمروں کے تفاوت سے جنم لینے والی ایک اور حیران کن کہانی ملاحظہ کیجئے: سراغ رسانوں نے ایسا انکشاف کیاجسے انتہائی شرمناک الزام کہا جارہا ہے۔ وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کے والد پیئر ٹروڈو نے اپنی بیوی مارگریٹ کے ہمراہ کیوبا کے کئی دورے کیے۔ ان میں سے ایک دورے کے دوران مارگریٹ نے پیئر ٹروڈو سے بے وفائی کی اور فیدل کاسترو کے ساتھ تعلق استوار کیا، جس سے جسٹن ٹروڈو پیدا ہوئے۔ ان الزامات میں مزید کہا گیا ہے کہ پیئرٹروڈو اور مارگریٹ کی ازدواجی زندگی تلخیوں سے بھرپور تھی اور اسکی وجہ مارگریٹ کی بار بار کی بے وفائی تھی۔ امریکی سینیٹر ٹیڈ کینیڈی کے ساتھ بھی اس کا افیئر۔ راک بینڈ کے رونی ووڈ کے ساتھ بھی مارگریٹ کے تعلقات کی افواہیں گردش کرتی رہیں۔ انہی افواہوں کی وجہ سے پیئر اور مارگریٹ کی شادی ٹوٹ گئی۔الزامات لگانے والوں نے فیدل کاستروکی جوانی اورجسٹن کی حالیہ تصویریں بھی جاری کیں جن میں حیران کن مشابہت ہے،یہ ٹیکنالوجی کا بھی کمال ہوسکتا ہے،تاہم جسٹن نے ایک موقع پر کاسترو کی تعریفوں کے قلابے ملا دیئے تھے،اسے الزام کے اعتراف سے تعبیرکیا گیا۔
اب بات پھر و ہیں سے شروع کرتے ہیں۔ شہنشاہ ایران کو کہیں پناہ نہیں مل رہی تھی‘ برطانیہ نے جواب دے دیا۔ایسی در بدری دنیا کے مقتدر افراد اور دولت کے انبار لگانے والوں کیلئے عبرت کا سامان لئے ہوئے ہے۔ شہنشاہ ایران ”محمدرضاشاہ پہلوی“ کو سرطان کی جان لیوا بیماری لگ گئی تھی، اسی بیماری کے دوران اس کو ایران چھوڑ کر فرار ہونا پڑا۔ امریکہ نے ”شہنشاہ ایران“ کو ایک مختصر عرصہ سے زیادہ پناہ دینے سے انکار کر دیا۔ مصر اور مراکش نے پہلے ہی پناہ دینے معذرت کرلی تھی۔ میکسیکونے اگر چہ پناہ دے دی لیکن اس میں پروٹوکول نہیں تھا بلکہ عام سیاسی پناہ تھی،کچھ عرصہ تک وہ ”بہاماز“ میں بھی مقیم رہے،شہنشاہ کے پاس دولت تو بے بہا تھی،دنیا میں انکے اثاثوں کی مالیت دس ہزار ملین پاﺅنڈ یعنی ڈیڑھ سو ارب ڈالر سے زیادہ تھی لیکن سکون نہیں تھا،انہوں نے لوٹی ہوئی دولت واپس کرکے ایران میں آنے کی درخواست کی لیکن انقلابی حکومت نے انکار کر دیا۔ اس موقع پر ملکہ فرح دیبا جو اوجِ ثریا سے زمین پر آ کر ذلت کی پستیوں میں گر چکی تھی‘ نے جیہان سادات سے رابطہ کرکے برے وقت میں اچھے وقتوں کی دوستی کے نام پر مدد کی درخواست کی۔ جیہان نے اپنے خاوند سے بات کی۔ جیہان کا مصر کے سیاسی معاملات میں گہرا اثر تھا۔ اتفاقاً عین اس موقع پر شہنشاہ کا صدر انور سادات کو خط ملا جس میں اس نے کہا ”میں دنیا کا سب سے بڑا بدنصیب اور بھکاری ہوں۔ خدا کے واسطے مجھے مصر میں آنے دو اور میری پہلی بیوی شہزادی فوزیہ کے وطن میں دفن ہونے دو“ اس خط کو پڑ ھ کر ”صدر انور سادات“ کی آنکھوں میں آنسو آگئے ۔اس نے یہ درخواست قبول کر لی۔ مصری عوام اس کیخلاف تھے۔ انہوں نے احتجاج شروع کر دئیے۔ مصری صدر نے اس کا حل یہ نکالا کہ اس نے اپنی بیٹی کی شادی”رضا شاہ پہلوی“ کے بڑے بیٹے محمد رضا پہلوی سے کر دی پھر ”سمدھی “ہونے کے ناطے ان کو ”شہنشاہ ایران “کے مصر میں آنے کا جواز مل گیا۔یہاں ناموں کی تھوڑی سی وضاحت ضروری ہے۔شہنشاہ ایران کانام محمد رضا شاہ پہلوی،باپ کا نام رضا شاہ پہلوی اور ولی عہد کانام رضا شاہ تھا۔ 


محمد رضا شاہ پہلوی کا وہ جہاز جو ایران سے ایک شہنشاہ کو لیکر محو پرواز ہوا تھا اب اس میں وہی محمد رضا شاہ پہلوی تھا جو دربدر اور غریب الوطن تھا‘ اس نے وسیع عریض مملکت پر لگ بھگ چالیس سال حکومت کی مگر اس سلطنت میں اسے قبر کیلئے دو گز زمین دینے سے بھی انکار کر دیا گیا۔ انور سادات نے اسے اپنے ہاں آنے کی نہ صرف اجازت دی بلکہ پورے احترام کے ساتھ مہمان بنا کر رکھا، رضا پہلوی کیساتھ اپنی بیٹی بھی بیاہ دی گو انجام علیحدگی ہوا۔ رضا پہلوی اب امریکہ میں ہے اور خود کو ایران کے تخت وتاج کا وارث قرار دیتا ہے، ایسی خواہش کرنے میں حرج کوئی نہیں تاہم یہ ممکنات ہی نہیں ،حیرتوں ،کرشمات اور معجزات کی بھی دنیا ہے۔ گردش ایام پلٹ سکتی ہے۔
 محمد رضا شاہ پہلوی کے دور میں ایران نے ترقی کی منزل پر منزل طے کی۔ اس دور میں کرپشن نام کی کوئی چیز نہیں تھی۔ سفر کرتے شہنشاہ کو سڑک کی ناہمواری کا احساس ہوا۔ تحقیق کے بعد ناقص سڑک کے ذمہ دار کو وہیں سڑک پر لٹا کر اوپر سے بلڈوزر گزار دیا۔ اس کے بعد رہی سہی کرپشن بھی نہ رہی۔
شاہ ایران کی ذہانت کا اندازہ اس سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ اس نے جنگ عظیم دوم میں ایران کو جنگ کے شعلوں سے دور رکھا۔اسی جنگ کے دوران وہ تخت وتاج کے وارث بنائے گئے۔ ایک اور واقعہ انکی ذہانت کی دلیل ہے،ایران اور برطانیہ کے درمیان 1954 میں تیل نکالنے کا معاہدہ ہوا۔ اینگلو ایرانین آئل کمپنی ایران سے تیل نکال رہی تھی اور یہ تیل بعدازاں یورپ اور امریکا برآمد کیا جاتا تھا۔ اینگلو ایرانین آئل کمپنی ایران کو تیل کی رائلٹی دیتی تھی۔ ایک بار شاہ ایران شکار کیلئے جا رہا تھا‘ اسکے راستے میں پائپ لائن آگئی‘ شاہ نے پائپ لائن کے قریب خیمہ لگوایا اور اینگلو ایرانین کمپنی کے چیف ایگزیکٹو کو وہاں طلب کر لیا‘ چیف ایگزیکٹو گرتا پڑتا وہاں پہنچ گیا‘ شاہ نے اسکی طرف دیکھا اور اسے حکم دیا‘ تم فوراً یہ پائپ لائن توڑ دو‘ چیف ایگزیکٹو نے پوچھا لیکن جناب کیوں؟ شاہ نے جواب دیا‘میں تیل کا فوارہ دیکھنا چاہتا ہوں‘ انگریز چیف ایگزیکٹو نے حیرت سے انکی طرف دیکھا اور عرض کیا‘جناب اس سے بہت نقصان ہو جائیگا‘ شاہ نے کہا‘میں تمام نقصان اپنی جیب سے پورا کر دوں گا‘ تم پائپ لائن توڑو‘ ایک گھنٹہ تیل کا فوارا پھوٹنے دو اور اسکے بعد مجھے بل بھجوا دو‘ انگریز چیف ایگزیکٹو نے اس عجیب و غریب مطالبے سے بچنے کی بہت کوشش کی لیکن شاہ نہیں مانا۔ اسے اس بادشاہ کی خواہش جیسی خواہش قرار دیا گیا۔جو لشکر کشی کیلئے جارہا تھا، راستے میں رات کو ایک جگہ پڑاﺅ ڈالا،اس دوران ایک ہاتھی کھائی میں جا گرا، ہاتھی کی گرتے ہوئے خوفناک چیخ بلند ہوئی۔بادشاہ نے اس منفرد آواز کی وجہ معلوم کی، اسے یہ آواز پسند آئی تھی،اس نے ایک اور ہاتھی کھائی میں پھینکنے کا حکم دیا،اسکے بعددوسرا تیسرا اور چوتھا۔ایک ایک کرکے سارے ہاتھی بادشاہ کے ذوقِ لطیف کی نذر ہوگئے۔
 چیف ایگزیکٹو نے انجینئر منگوائے اور پائپ لائن درمیان سے توڑ دی۔ پٹرول کا فوارہ نکلا اور صحرا کی ریت میں جذب ہونے لگا۔ شاہ ایران ایک گھنٹہ اس فوارے کا نظارہ کرتا رہا۔ اسکے بعد اس نے چیف ایگزیکٹو سے کہا ‘تم مجھے بل بھجوا دینا‘ اسکے بعد وہ تہران روانہ ہو گیا۔ شاہ کے اس عجیب و غریب مطالبے نے اگلے دن پوری دنیا کی ہیڈ لائنز میں جگہ پالی۔ لوگوں نے سمجھا شاہ ایران پاگل ہو چکا ہے۔ اینگلو ایرانین کمپنی نے چند دن بعد شاہ کو ضائع ہونیوالے تیل کا بل بھجوا دیا۔ شاہ نے بل دیکھا اور اگلے دن کمپنی کے تمام اعلیٰ عہدیداروں کو محل میں بلوا لیا، انہیں آئل کی رائیلٹی اور کمپنی کا بل دکھا کر گویا ہوا‘ آپ نے رائیلٹی کے سمجھوتے میں یہ لکھا کہ آپکی پائپ لائن سے فی گھنٹہ اتنا پٹرول گزرتا ہے جبکہ آپ نے اسکے مقابلے میں چھ گنا زیادہ پٹرول ضائع ہونے کا بل بنایا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہوا آپ ہمیں چھ گنا کم رائیلٹی دے رہے ہیں۔ شاہ کی بات سن کر کمپنی کے اعلیٰ عہدیداروں کے اوسان خطا ہو گئے کیونکہ وہ شاہ کو بل بھجوا کر پھنس چکے تھے۔ شاہ نے اینگلو ایرانین آئل کمپنی کے ساتھ نیا معاہدہ کیا اور کروڑوں ڈالر ہرجانہ بھی وصول کیا۔
شاہ ایران عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کچھ کر سکتے تھے کیا‘ ایران کو دنیا میں بلند مقام تک لے گئے۔ ذہانت میں خود کو لاثانی اور عقل کل سمجھتے تھے۔ اقتدار کی مضبوطی کواپنی اہلیت اور صلاحیت کا مرہون جانتے تھے۔ انکی سلطنت کو کوئی چیلنج کر سکتا ہے یہ کسی کے وہم و گمان میں بھی نہیں تھا مگر جب خدا کا غضب ٹوٹتا ہے تو سب تدبیریں ذہانت منصوبے اور منصوبہ بندیاں نقش بر آب اور ہوا کے دوش پر رکھے چراغ ثابت ہوتی ہیں۔سب سے بڑا تکبر تو یہ تھا کہ اس کا باپ جس نے احمد شاہ کاچار کا تختہ الٹا،پہلے وزیر اعظم بنا پھر بادشاہ بن گیا،برطانیہ اور روس نے اسے جرمنی کیساتھ تعلقات قائم کرنے پر اقتدار سے الگ کرکے محمد رضا شاہ پہلوی کو بادشاہ بنوایا جس نے بادشاہ کہلوانے پر اکتفا نہیں کیا خود کو شہنشاہ کہلوایا بلکہ آریہ مہر‘ یعنی آرین نسل کے لوگوں کا بادشاہ۔ آج ہندوستان‘ پاکستان‘ افغانستان‘ ایران‘ ترکی‘ اور پورا یورپ وسط ایشیا کے بیشتر علاقے اور روس میں آریائی نسل کے لوگ بستے ہیں!
ایران کا سابق شہنشاہ ”محمد رضا شاہ پہلوی“ جو کہ 22سال کی عمر میں ایران کابادشاہ بن گیا ابھی اسکی عمرصرف 6 سال کی تھی کہ اس کو ولی عہد قرار دے دیا گیاتھا، وہ 38سال تک ایرا ن کا حکمران رہا۔ وہ مزاجاً سوشلسٹ اورمغرب پرست حکمران تھا،اس نے ایران میں عصر کی نماز کی ادائیگی پر پابندی لگادی تھی،وہ اپنی سلطنت کو تین ہزار سال پرانی سلطنت قرار دیتا تھا،ا س نے یہودیوں کو اسرائیل کے قیام میں مدد دی، وہ اسرائیل کیلئے روز گار کے مواقع بھی تلاش کرتا تھا۔ 1948میں اس نے ایران سے یہودیوں کو اسرائیل میں جا کر بسنے کی قانونی اجازت دے دی تھی۔ اس مقصد کیلئے اسرائیل کی ” موساد “کو تہران میں آفس کھولنے کی بھی اجازت دی تاکہ یہودیوں کی آبادی کو پر امن طریقے سے اسرائیل ٹرانسفر کیا جا سکے۔ اسی طرح ایران کے وزیر اعظم ”محمد اسد“ نے اسرائیل کو ایک آزاد ریاست کے طور پر قبول کرنے کیلئے 50,000 ڈالر کی رقم وصول کی تھی،یہ وہ وجوہات تھیں جوایران کے مذہبی حلقوں کیلئے ناقابل برداشت تھیں۔ محمد رضا شاہ پہلوی ملاﺅں سے لڑ سکتا تھااور خوب لڑا مگر اللہ سے کون لڑ سکتاہے۔علما پر مظالم تاریخ کا حصہ ہیں امام خمینی کے بیٹے کو قتل کرایا اور خود انہیں ہیلی کاپٹر کے ساتھ باندھ کر شہر شہر عبرت کے طور پر پھرایا گیا۔ مسلمانوں کے بدترین دشمن کے ساتھ دوستی،اسکے ایجنٹوں کی آﺅ بھگت اور اس سے مراعات کی وصولی پر شہنشاہ ایران ملعون اور مطعون قرار پائے۔

یوم تحفظ ختم نبوت کی گولڈن جوبلی

آج 7 ستمبر وہ تاریخ ساز دن ہے جب پاکستان کی قومی اسمبلی نے متفقہ طور پر قادیانیوں کو غیر مسلم قرار دیا اور پاکستان کے آئین میں درج کر دیا کہ حضور اقدس ﷺ ہی اللہ کے آخری نبی اور آخری رسول ہیں۔ اس تاریخ ساز آئین سازی کی آج گولڈن جوبلی منائی جا رہی ہے۔

عقیدہ ختم نبوت پر ہر مسلمان کا اتفاق اور یقین ہے۔ ہر مسلمان تسلیم کرتا ہے کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اللہ تعالٰیٰ کے آخری نبی اور آخری رسول ہیں۔ اللہ رب العزت نے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اس جہاں میں بھیج کر بعثت انبیا کا سلسلہ ختم فرما دیا ہے۔ اب آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بعد کوئی نبی مبعوث نہیں ہوگا۔

حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر ختم نبوت کا ذکر قرآن حکیم کی سو سے بھی زیادہ آیات میں آیا ہے، جبکہ 210 احادیث ختم نبوت کے حوالے سے ہیں۔ اس لیے آپ ﷺ کے بعد جو کوئی بھی نبوت کا دعویٰ کرے، وہ جھوٹا اور ملعون ہوگا۔ آپ ﷺ نے نبوت کے جھوٹے دعویداروں کی تعداد تقریباً 300 کے قریب بتائی تھی۔

آپ ﷺ کی وفات کے بعد خلیفہ اول حضرت ابوبکر صدیق نے نبوت کے جھوٹے دعوے دار مسیلمہ کذاب سے جنگ کی، اور اس جنگ میں تقریباً 1200 صحابہ شہید ہوئے، جن میں سے تقریباً 600 حفاظ تھے۔

ایک تحقیق کے مطابق حضور ﷺ کی زندگی میں دین اسلام اور کفار کا مقابلہ کرنے والے شہدا کی تعداد ایک ہزار سے کچھ زائد تھی، جبکہ عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کے لیے لڑی جانے والی جنگ میں شہدا کی تعداد اس سے زیادہ ہے۔

عقیدہ ختم نبوت اس لیے بھی پاکستان کے آئین کا حصہ ہے کیونکہ آئین کے آرٹیکل 2 کے مطابق کوئی قانون قرآن و سنت سے متصادم نہیں ہو سکتا۔ اس لیے قادیان کے خلاف 1954 میں ہی تحریک شروع ہوگئی تھی۔ تحریک تحفظ ختم نبوت میں 1954 میں وزیر اعظم خواجہ ناظم الدین سے مطالبہ کیا گیا کہ قادیانیوں کو غیر مسلم اقلیت قرار دیا جائے اور وزیر خارجہ ظفر اللہ سمیت دیگر مرزائیوں کو برطرف کر دیا جائے، ورنہ سول نافرمانی کی تحریک چلائی جائے گی۔ اس عقیدہ کے تحفظ کے لیے 1954ء میں مسلمانوں نے اپنا خون بہایا۔

29 مئی 1974 کو ربوہ ریلوے اسٹیشن پر ایک واقعہ پیش آیا جس میں مسلمان نوجوانوں پر تشدد کیا گیا تھا۔ اس کے بعد اس تحریک نے زور پکڑا اور معاملہ پارلیمنٹ تک پہنچ گیا، جہاں قادیانیوں کو بھی اپنا موقف پیش کرنے کا موقع دیا گیا۔ طویل دلائل کے بعد وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کی حمایت اور مذہبی و سیاسی جماعتوں کی متفقہ حمایت سے 7 ستمبر 1974 کو پارلیمان میں قانون سازی کی گئی اور قادیانیوں کو غیر مسلم قرار دے دیا گیا۔

1988 میں قادیانیوں نے اپنی حیثیت کو ثابت کرنے کے لیے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن میں پاکستان کے خلاف مقدمہ دائر کیا۔ ریاست پاکستان کی جانب سے جسٹس پیر محمد کرم جنیوا گئے اور دلائل سے پاکستانی موقف بیان کیا، ملکی و بین الاقوامی قوانین کی روشنی میں دلائل دیے۔ 30 اگست 1988 کو اقوام متحدہ نے قادیانیوں کی درخواست کو مسترد کر دیا۔

چند برس قبل قادیانیوں نے ایک بار پھر فتنہ کرنا شروع کر دیا۔ 2019 میں ایک متنازع لٹریچر کی تقسیم سے لڑائی شروع ہوئی۔ 2022 میں مقدمہ درج ہوا اور نامزد ملزم مبارک ثانی کی ضمانت کے لیے سیشن اور لاہور ہائی کورٹ نے اپیل مسترد کر دی۔ ملزم مبارک ثانی نے سپریم کورٹ میں اپیل کی۔ جہاں 6 فروری کو چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ایک ایسا فیصلہ دے دیا جس نے پورے ملک کو ختم نبوت کے اس فیصلے سے پہلے لا کھڑا کیا جہاں پچاس برس قبل پاکستان کھڑا تھا۔ مذہبی جماعتوں اور سوشل میڈیا پر تحریک شروع ہوئی اور چیف جسٹس کے فیصلے کو آئین اور دین سے متصادم قرار دے دیا، اور ملک بھر میں احتجاج بھی کیا گیا۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے دو رکنی بینچ کے سامنے 6 فروری کو ملزم کی ضمانت اور فردِ جرم سے بعض الزامات حذف کروانے کی درخواست سماعت کے لیے مقرر ہوئی جو لاہور ہائی کورٹ سے ضمانت مسترد ہونے کے بعد 16 اور 27 نومبر 2023 کے فیصلوں کے خلاف دائر کی گئی تھی۔

جو ایف آئی آر درج تھی، اس میں کہا گیا تھا کہ ملزم ممنوعہ کتاب ’تفسیرِ صغیر‘ تقسیم کر رہا تھا۔ ضمانت کی درخواست میں ملزم کے وکیل کا مؤقف تھا کہ ایف آئی آر کے مطابق اس جرم کا ارتکاب 2019 میں کیا گیا، جبکہ کسی بھی ممنوعہ کتاب کی تقسیم یا اشاعت کو  پنجاب قرآن شریف (ترمیم) قانون کے تحت سنہ 2021 میں جرم قرار دیا گیا تھا۔ اسی کو بنیاد بنا کر چیف جسٹس سمیت تین رکنی بنچ نے کہا کہ چونکہ سنہ 2019 میں ممنوعہ کتاب کی تقسیم جرم نہیں تھی، اس لیے درخواست گزار پر یہ فردِ جرم عائد نہیں کی جا سکتی۔ اور فیصلہ دیا کہ ’آئین نے قرار دیا ہے کہ کسی شخص پر ایسے کام کے لیے فردِ جرم عائد نہیں کی جا سکتی جو اس وقت جرم نہیں تھا، جب اس کا ارتکاب کیا گیا۔‘ اس کے ساتھ ہی حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ اس مقدمے میں اگر ملزم کو کسی جرم پر سزا ہو سکتی ہے تو وہ ’تفسیر صغیر‘ نامی کتاب کی اشاعت اور اس کی تقسیم کا جرم ہے، جس کی سزا چھ ماہ قید ہے اور ملزم پہلے ہی ایک سال سے زیادہ عرصہ جیل میں گزار چکا ہے۔ ضمانت کی درخواست منظور کرتے ہوئے چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ لاہور ہائی کورٹ کے ججوں نے ملزم کی ضمانت کی درخواستیں مسترد کرتے ہوئے اس نکتے کو نظر انداز کیا۔ جمیعت علمائے اسلام اور دیگر جماعتوں کی طرف سے احتجاج کی کال اور سوشل میڈیا پر چیف جسٹس کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا، جس پر عدلیہ نے کہا کہ عدالتوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے اور ججز کی توہین کی جا رہی ہے۔ مذہبی جماعتوں کا کہنا تھا کہ یہ قانون ختم نبوت کے حوالے سے ہے اور اس میں رسول اللہ ﷺ کی نعوذ باللہ توہین کا عنصر ہے۔ اس کے بعد چیف جسٹس نے علما کرام اور مذہبی اداروں سے معاونت مانگ لی، جس پر دس اداروں کو خطوط لکھے گئے۔ علمائے کرام کے دلائل اور مشاورت کی روشنی میں 22 اگست کو سپریم کورٹ نے مبارک ثانی کیس میں مختصر فیصلہ سنایا، جس میں 6 فروری اور 24 جولائی 2024ء کے فیصلوں کی تمام متنازعہ شقوں کو ختم کر دیا گیا اور فیصلے سے متنازعہ حصہ حذف کر دیا۔

آج تمام مذہبی جماعتیں اور تمام پاکستانی 7 ستمبر 1974 کو بننے والے ختم نبوت آئین کی گولڈن جوبلی مناتے ہوئے جشن منا رہے ہیں کہ وہ عقیدہ ختم نبوت کے لیے ایک ہیں اور یہ ان کے ایمان کا حصہ ہے۔

پی کے 705 کا آخری مسافر بھی رخصت ہوا

قاہرہ طیارے حادثے میں زندہ بچ جانے والے6مسافروں میں سے آخری  مسافر پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کے سابق جنرل مینیجر پبلک افیئرز صلاح الدین صدیقی 93برس کی عمر میں گزشتہ دنوں 16 اگست 2024 کو انتقال کر گئے۔ صلاح الدین صدیقی جنرل مینیجر پبلک افیئرز کے عہدے سے1980ءمیں پی آئی اے سے ریٹائر ہوئے تھے۔20مئی 1985ءکو پی آئی اے کی قاہرہ سے افتتاحی پرواز پی کے705لینڈنگ سے کچھ پہلے قاہرہ ایئر پورٹ سے20کلو میٹر دور گر کر تباہ ہو گئی تھی۔ اس افتتاحی پرواز کو کراچی سے دہران سعودی عرب، قاہرہ اور پھر وہاں سے لندن جانا تھا۔ پرواز میں مسافروں اور عملے سمیت128مسافر سوار تھے۔ حادثے میں122مسافر اور عملے کے ارکان جاں بحق ہوگئے تھے۔ ان میں پی آئی اے کی معروف ایئر ہوسٹس مومی گل درانی بھی شامل تھیں۔ اس افسوس ناک حادثے میں 22صحافی بھی جاں بحق ہوئے تھے۔ ان میں ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کے ایڈمنسٹریٹر اے کے قریشی اور نیشنل پریس ٹرسٹ کے چیئر مین میجر جنرل حیاالدین بھی شامل تھے۔ اس حادثے میں6خوش قسمت مسافر زندہ بچ گئے تھے۔ ان کی پوری زندگی افسردگی میں گزری وہ مکمل طور پر نارمل زندگی کی طرف نہ آسکے۔ یہی وجہ ہے کہ ان میں سے کسی نے بھی کوئی کتاب نہیں لکھی۔ انتقال کر جانے والے پی آئی اے کے سابق جنرل مینیجر صلاح الدین صدیقی اس حادثے میں بچ جانے والے آخری حیات مسافر تھے۔ صلاح الدین صدیقی طویل عرصے سے لندن میں مقیم تھے۔ خاندانی ذرائع کے مطابق صلاح الدین صدیقی کے پسماندگان میں ایک بیٹا اور ایک بیٹی شامل ہیں۔ بچ جانے والوں میں جلال الدین کریمی، عارف رضا، ظہور الحق، صلاح الدین صدیقی، شوکت ملکائی اور امان اللہ خان شامل تھے۔ جاں بحق ہونے والوں میں نیشنل پریس ٹرسٹ کے چیئرمین جنرل حیاءالدین، اے پی پی کے اے کے قریشی، روزنامہ جنگ کے ناصر محمود، روزنامہ حریت کے جعفر منصور، روزنامہ امروز کے حمید ہاشمی، روزنامہ مشرق کے ابو صالح اصلاحی، بزنس ریکارڈر کے ایم پی خالد، ڈان کے صغیر الدین احمد، مارننگ نیوز کے سبط فاروق آفریدی، لیڈر کے علیم اللہ  فلائر کے ممتاز طارق، نوائے وقت کے عرفان چغتائی اور پی پی اے کے شاہ ممتاز سمیت ملک کے 22صحافی شامل تھے۔ اس حادثے میں بد نصیب طیارے کے عملے کے جو افراد موت کی لکیر پار کر گئے اس میں طیارے کا پائلٹ اے اے خان، نیویگیشن آفیسر خالد لودھی، ایئر ہوسٹس پینتھکی اور مومی گل درانی، فلائیٹ اسٹیورڈ،اے جی علوی اور فلائر پرسر  مسعود خان شامل تھے۔ زندہ بچ جانے والے مسافروں میں سے کئی کے ساتھ  میڈیا سے وابستہ اداروں نے  رابطے کئے۔جو اس حادثے میں موت کی وادی میں لوگ اتر گئے تھے ان میں سے بھی کئی کے لواحقین ساتھ بات کی گئی۔
"میں اس واقعے پر بات نہیں کرنا چاہتا۔ آپ مجھ سے اس واقعے پر بات مت کیجئے، کیونکہ میں اسے یاد نہیں کرنا چاہتا۔ ان باتوں کو یاد ہی نہیں کرنا چاہتا۔ ان سب باتوں کو میں بھول جانا چاہتا ہوں۔" یہ ان 6مسافروں میں سے ایک کا کہنا تھا۔

  اس پرواز میں سوار6بندر بھی زندہ بچ گئے تھے۔ جلال الدین کریمی وہ واحد مسافر تھے جو حادثے کے بعد جائے حادثہ پر چل پھر رہے تھے۔ حادثے کے بعد طیارے کے ملبے میں آگ لگی ہوئی تھی اور جلال الدین کریمی زخمی حالت میں بچ جانے والے مسافروں کی تلاش کر رہے تھے چند گھنٹوں بعد جب ہنگامی امداد پہنچی تو انہوں نے زرد رنگ کا رومال ہلا کر مدد کے لیے اشارہ دیا تھا۔ 

شوکت میکلائی نے اپنے آرٹیکل میں لکھا تھا کہ صحرا میں ریسکیو ورکرز سے پہلے وہاں پہنچنے والے مقامی بدّو عرب مرے ہوئے لوگوں کی اشیا چوری کرنے پہنچ گئے تھے۔ 26 مئی کی ایک خبر کے مطابق طیارے کے ملبے میں ایک ٹرانسسٹر ریڈیو ملا جس میں قیمتی زیورات تھے جن کی مالیت ایک لاکھ بیس ہزار ڈالر بتائی گئی۔ اس کے مالک یا مالکہ کے بارے میں کچھ معلوم نہ ہو سکا۔
 حادثہ میں ہلاک ہونے والے زیادہ تر افراد کی میتوں کو قاہرہ میں امام شافعی  کے مقبرے کےدفنایا گیا تھا البتہ چند میتوں کے ورثہ شناخت کرنے کے بعد اپنے اپنے ممالک لے گئے تھے۔ قاہرہ میں دفنائے گئے تمام مسلمان نہیں تھے۔ تاہم اجتماعی تدفین مسلمانوں کے طریقے سے کی گئی۔
دو مسافر عبدالوارث اور شفیق اللہ برطانوی شہری تھے، مسٹر ہوورڈ، مسز ہوورڈ اور مس الزیبتھ کی شہریت نامعلوم بتائی گئی۔ مسٹر ہوفمین، مسٹر ٹیری اور مسز ٹیری کی شہریت میں غیر ملکی درج تھا جبکہ ڈیوڈ لو امریکی شہری تھے، سات چینی  اور باقی پاکستانی تھے۔
صلاح الدین صدیقی نے بتایا تھا کہ اس افتتاحی پرواز میں مسافروں میں کچھ تو ٹکٹ لے کر سوار ہوئے تھے لیکن زیادہ تر ٹریول ایجنٹس تھے جن کے نام پی آئی اے کے مختلف شعبوں کے مینیجروں نے تجویز کیے تھے۔ ایک پی آئی کے کمرشل ڈائریکٹر تھے، باقی صحافی تھے جن کا انتخاب اخبارات کی انتظامیہ یا مالکان نے کیا تھا۔
کراچی کے ایک فوٹوگرافر اور مصنف و محقق ایس ایم شاہد نے بتایا کہ اس وقت کے کراچی کے ایک بڑے اخبار روزنامہ انجام سے وابستہ صحافی طفیل احمد جمالی کو بھی ریٹائرڈ میجر جنرل حیاءالدین کی جانب سے دعوت ملی ہوئی تھی لیکن جب وہ سوار ہونے کے لیے ایئرپورٹ پہنچے تو پتہ چلا کے اُن کے پاسپورٹ کی میعاد ختم ہو چکی تھی۔ جنرل حیاءالدین اور کئی لوگوں نے کوشش کی کہ وہ کسی بھی طرح سوار ہو جائیں لیکن یہ ممکن نہیں ہو سکا اور بالآخر وہ مایوس ہو کر گھر چلے گئے۔ وہ بہت ناراض تھے۔اگلی صبح اخبار میں دیکھا کہ حادثہ ہو گیا۔ وہ پہلے تو روئے پھر بہت خوش ہوئے۔‘
بدقسمت بوئننگ 720 کی پرواز 705  میں قاہرہ سے ہوتے ہوئے لندن جانے والوں میں ایک اور نام بھی شامل ہو چکا تھا۔ یہ تھے زوار حسن جو اُس وقت مارننگ نیوز میں سینیئر اسسٹنٹ نیوز ایڈیٹر تھے۔  اُس کے ایڈیٹر تھے محسن علی۔


زوار حسن نے بتایا کہ ان کے ’ایڈیٹر محسن علی نے اس پرواز سے چند دن پہلے مجھے بلایا اور کہا کہ پی آئی اے کی قاہرہ کے لیے افتتاحی پرواز روانہ ہو رہی ہے، اس میں ٹریول ایجنٹس اور صحافیوں کو دعوت دی گئی ہے۔ تم سینیئر بھی ہو اور تجربہ بھی رکھتے ہو اس لیے تم اس پرواز میں چلے جاؤ۔ زوار حسن نے بتایا تھا کہ  ایڈیٹر کی جانب سے نامزدگی کی اطلاع میں نے نیوز روم میں اپنے ساتھیوں کو دی۔ وہاں میرے ایک سینیئر سبطِ فاروق فریدی بھی موجود تھے ۔قاہرہ کا سُن کر سبطِ بھائی خوش ہوئے، لیکن ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ میں کچھ تحقیق کر رہا تھا اور مجھے اس کے لیے مصر جانا تھا۔ کاش میں اس پرواز میں قاہرہ جاتا اور اپنا کام بھی کر لیتا۔ میں کچھ دیر بعد ایڈیٹر کے پاس گیا اور کہا کہ آپ میری جگہ سبطِ بھائی کو بھیج دیجیے۔ میں سینیئر صحافی کے حق میں دستبردار ہو گیا اور سبط بھائی موت کے سفر پر روانہ ہو گئے۔
مصری حکام کا کہنا تھاکہ بوئنگ حادثے کے وقت قاہرہ ایئرپورٹ کے کنٹرول ٹاور سے رابطے میں تھا۔ طیارے کے کیپٹن نے اس وقت خرابی کی اطلاع دی تھی جب طیارہ لینڈنگ کے قریب پہنچ چکا تھا۔کنٹرول ٹاور نے فوری طور پر ایئرپورٹ عملے کو رن وے پر کھڑے ہونے کے لیے روانہ کر دیا تھا۔ اُسی وقت چند سیکنڈز کے بعد ہی یہ حادثہ پیش آیا اور صحرا اچانک شعلوں کی لپیٹ میں آگیا۔ ہم واقعی یہ دیکھنے سے قاصر تھے کہ کیا ہوا تھا۔ آہستہ آہستہ آگ کے شعلے کم ہوئے اور فضا پر خاموش طاری ہو گئی۔ 
 آخری لمحات کے بارے میں شوکت میکلائی نے  اپنے انٹرویو میں بتایا تھا کہ عملے نے اپنے ہیٹس پہن رکھے تھے اور وہ اپنے کیبن کا سامان جمع کر چکے تھے۔ جب طیارہ رن وے 34 کی جانب لینڈنگ کے لیے اتر رہا تھا وہ قاہرہ ایئرپورٹ کے آس پاس ایک دائرے میں چکر لگا رہا تھا اور اس وقت وہ گر کر تباہ ہوا۔بس اُسی لمحے میری آنکھوں کے سامنے اندھیرا چھا گیا۔ جب میں نے دوبارہ آنکھیں کھولیں تو مجھے یہ احساس ہی نہیں ہوا کہ بجائے اس کے کہ مدد کے لیے پکاروں، میں چیختے ہوئے اپنا نام لے کر شوکت! شوکت! پکار رہا تھا۔ ایک اور مسافر، ایک نوجوان جس کے سر سے خون بہہ رہا تھا، وہ میری جان بچانے کے لیے پہنچا۔وہ بری طرح زخمی تھا لیکن اس نے مجھے ملبے سے نکال لیا۔ ہمارے چاروں طرف لاشیں اور سامان پڑا تھا۔ میں نے ان میں اپنی بیوی کی بے جان لاش دیکھی۔میری آنکھوں نے یہ منظر دیکھا لیکن میں ساکت رہا۔ ابھی بھی صدمے کی حالت میں، میری زندگی کی ایک فلم میرے ذہن میں گزری۔ میرے بچپن سے اب تک کی زندگی، میں نے جو کچھ دیکھا تھا اور کیا تھا اور وہ چیزیں، جو میں نے بعد میں کرنا تھیں، وہ سب ذہن میں ایک لمحے کے لیے آئیں۔یہ سوچ کر کہ میری زندگی جلد ہی ختم ہو جائے گی میں نے خدا کے بارے میں سوچا اور کہا کہ اگر اس نے مجھے زندگی گزارنے کا ایک اور موقع فراہم کیا تو میں آنے والے دن کا انتظار کیے بغیر ہر کام اسی وقت کروں گا اور یہ کہ میں اپنے آپ کو کم خوش قسمت لوگوں کی خدمت کے لیے وقف کروں گا۔

1965 قاہرہ پرواز حادثے میں زندہ بچ جانے والے پی آئی اے کے سابق افسر انتقال  کرگئے - Pakistan - Dawn News Urdu
ہلاک ہونے والوں میں چار ایئر ہوسٹسیں بھی  تھیں جنھیں اس پرواز کی اہمیت کے لحاظ سے خاص طور پر مہمانوں کی خدمت کے لیے  منتخب کیا گیا تھا۔ ان میں ایک ایئر ہوسٹس مومی گل درانی تھیں جو ایک دہائی سے اپنی پُرکشش شخصیت اور حُسن کی وجہ سے پی آئی اے کی شناخت بن گئی تھیں۔مومی گل درانی نہ صرف پاکستان کی قومی ایئرلائن کی ایک شناخت تھیں بلکہ ایوی ایشن وائس کی ویب سائٹ کے مطابق وہ پیشہ ورانہ خدمات کی وجہ سے دنیا کی دس بہترین ایئر ہوسٹیسز میں بھی شمار ہوتی تھیں۔مومنہ گل درانی جنھیں ان کے دوست پیار سے مومی گل بھی کہتے تھے، پاکستان کے معروف موسیقار، سہیل رانا کی بیگم قندیل گل کی بہن تھیں۔اس پرواز کے عملے میں وہ شامل نہیں تھیں۔ انھیں عموماً خاص خاص پروازوں میں شامل کیا جاتا تھا۔ لیکن طیارے کے عملے کی ایک ایئر ہوسٹس کی طبیعت خراب ہو گئی تھی اور ان کی جگہ مومنہ کو جانا پڑا۔
پاکستان کی تاریخ میں طیارے کے حادثے کا یہ پہلا واقعہ نہیں تھا لیکن  یہ پہلی افتتاحی پرواز تھی جس کے ذریعے چین کو مشرقِ وُسطیٰ سے ملایا جا رہا تھا۔ طیارے میں کئی چینی مسافر بھی سوار تھے۔ پی آئی اے کی اس افتتاحی پرواز کا چین کو مشرق وُسطیٰ سے ملانے کی پالیسی یا ایسے کسی اعلان کے بارے میں پی آئی اے کے حکام کو کوئی علم نہیں تھا
موت سے ہمکنارہونے والے مسافروں میں مغربی اور مشرقی پاکستان کے 22 صحافی، ٹریول ایجنٹس، اور معتبر کاروباری شخصیات اور چند ایک سرکاری افسران  شامل تھے۔ اس کے علاوہ برطانوی، لبنانی جرمن اور چینی شہری بھی سفر کر رہے تھے۔ان میں سب سے اہم چینی مسافر پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) کے لڑاکا طیارے کے چیف ڈیزائنر بھی شامل تھے۔
بوئنگ 720 کو پرواز کرتے ہوئے ابھی تین برس بھی پورے نہیں ہوئے تھے۔ اس لحاظ اسے ایک نیا طیارہ کہا جا سکتا تھا۔ قاہرہ ایئرپورٹ پر طوفان کی بھی تصدیق نہیں ملتی ، اسی لیے ماہرین کی نظر میں اس حادثے کے دو امکانات زیادہ واضح نظر آتے ہیں:
پی آئی اے کے بوئنگ 720 کے حادثے کی تحقیقات کے لیے مصری حکومت نے ایک اعلیٰ اختیارتی کمیٹی مقرر کی تھی۔ اس کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق اس پرواز کا فلائیٹ ریکارڈر محفوظ حالت میں مل گیا تھا۔ بعد میں پی آئی اے کے مینیجنگ ڈائریکٹر ایئر وائس مارشل نور خان نے اس بارے پاکستانی صحافیوں کو آگاہ کیا تھا۔ نور خان نے کا کہنا تھا کہ  طیارہ کے ڈھانچہ  سے ملنے والے فلائیٹ ریکارڈر بالکل کار آمد تھے اور اس کے نتائج کی انھوں نے ماہرین کے ساتھ آزمائش کی تھی۔  نور خان 26 مئی کو ایک آزمائشی پرواز میں قاہرہ گئے تھے۔جب  تمام مسافر اتر گئے تو ایک  تجزیاتی پرواز کی گئی جس میں طیارے کو اسی طریقے سے اتارا گیا جس طرح پی آئی اے کا بدقسمت بوئنگ اتارا جانا تھا۔ ایئر وائس مارشل اس پرواز کے لیے طیارے میں سوار تھے تاہم انھوں نے ابتدائی تحقیقی سطح پر مزید بتانے سے گریز کیا تھا۔تاہم انہوں  نے اعلان کیا تھا کہ فلائیٹ ریکارڈر کو واشنگٹن مزید تحقیق کے لیے بھیجا گیا تھا کیونکہ کچھ معلومات سمجھی نہیں جاسکی تھیں۔ یہ کہنے کے بعد انھوں بتایا کہ ‘پائلٹ نے اترنے کے لیے معمول کے طریق کار اختیار کیا جب طیارہ پندرہ سو فٹ کی بلندی پر تھا اور پھر نہ معلوم کیوں نیچے آیا۔

بچیوں کو محفوظ کریں!

1: اپنی بچیوں کو کبھی کسی بھی مرد ٹیچر کے پاس سکول پڑھنے،، یا قاری صاحب کے پاس قرآن پڑھنے کے لیے نہ بھیجیں! بچی چھوٹی ہو یا بڑی ہو،، ٹیچر یا قاری صاحب بڑی عمر کے سمجھ دار ہوں یا کم عمر نوجوان.. بچی ہمیشہ استانی کے پاس ہی پڑھے گی۔۔

2: جب بچی کچھ بڑی بڑی لگنے لگے تو اسے دکان پر چیز لینے نہ جانے دیں! خواہ بچی کتنی ہی کم عمر ہو.. اگر صحت مند ہے اور خد و خال واضح ہو رہے ہیں تو دکان پر مت جانے دیں!

3: بچیوں کو کم لباس، یا تنگ لباس کر کے باہر مت بھیجیں! بلکہ گھر میں بھی مکمل کپڑے پہنا کر رکھیں! گھر میں کوئی مرد نہ ہو، صرف عورتیں ہی ہوں پھر بھی پورے ، اور کشادہ کپڑے پہننے کی عادت ڈالیں!

4: بچیوں کو چھوٹے بچوں ، یا بڑے مرد کسی کے سامنے مت نہلائیں! اور نہ ہی پیشاب وغیرہ کروائیں! حتیٰ کہ باپ کے سامنے بھی بچیوں کو برہنہ مت کریں! بچیوں کے اعضاء ستر بچپن سے ہی پردے میں رہنے چاہییں!

5: بچیوں کو بچیوں جیسا تیار کریں! سرخی پوڈر اور میک اپ کروا کر انہیں عورتوں کے مشابہ مت بنائیں! میک اپ کرکے تنگ کپڑے پہن کر چھوٹی چھوٹی عورتیں لگ رہی ہوتی ہیں ۔۔ پھر مردوں کی ہوس کی شکار بنتی ہیں ،، اور ان کی لاشیں ویرانوں سے برآمد ہوتی ہیں ۔

6: بالغ لڑکیوں کو،، یا قریب البلوغ بچیوں کو غیر محرم خصوصاً کزن، پھوپھا اور خالو وغیرہ کے ساتھ کبھی موٹر سائیکل پر مت بٹھائیں! اگر مجبوراً بھیجنا ہو تو ساتھ کوئی اور بچہ بھیجیں جو درمیان میں بیٹھ جائے۔

7: بچیاں ہوں یا بچے.. ہاتھ کا مذاق ان سے کوئی نہیں کرے گا۔ نہ استاد ، نہ کوئی بڑا انکل ، نہ ہی قریبی رشتے دار..

اسی طرح گالوں پر ہاتھ پھیرنا ، گود میں بٹھانا ، گدگدی کرنا وغیرہ.. یہ سب چیزیں بالکل ممنوع قرار دیں!

8: بہنوں کے کمرے بھائیوں سے الگ ہونے چاہییں! بھائیوں کو بہنوں کے کمروں میں بلا اجازت جانے پر سخت سزا دیں! بہنوں کے گلے لگنا، گلے میں ہاتھ ڈالنا، مذاق مذاق میں ایک دوسرے سے گتھم گتھ ہونا بالکل غلط ہے ۔۔ بلکہ موجودہ حالات کے پیش نظر بے ہودگی کے زمرے میں آتا ہے ۔

9: گھر میں کوئی بھی نامحرم مرد مہمان آئے ، قریب سے آئے یا دور سے،، جوان بچیاں اس سے سر پر ہاتھ نہیں رکھوائیں گی۔ بلکہ بہت قریبی رشتے دار نہ ہو تو سلام کرنا بھی ضروری نہیں۔ یہ بے ادبی کے زمرے میں نہیں آتا ۔

اپنی بچیوں کی جوانی کو ایسے چھپا کر رکھیں کہ کسی مرد کو ان کا سراپا ہی معلوم نہیں ہونا چاہیے کہ فلاں کی لڑکی اتنی موٹی اور اتنی لمبی تھی وغیرہ ۔۔

10: بچیوں کو گھر میں محرم رشتے داروں کے سامنے دوپٹہ لینے اور سنھبالنے کی خصوصی مشق کروائیں! دوپٹہ سر سے کبھی سرک بھی جائے تو سینے سے بالکل نہیں ہٹنا چاہیے!

اور کھلے گلوں پر سختی سے پابندی لگائیں! بچیوں کو سمجھائیں کہ دستر خوان پر کبھی کسی کے سامنے جھک کر سالن نہیں ڈالنا، کوئی چیز گر جائے تو جھک کر نہیں اٹھانی.. اور اکیلے میں بھی اگر جھک کر کوئی کام کریں تو گلے اور سینے پر دوپٹے برابر قائم رہے ۔۔ تاکہ انجانے میں بھی کسی کی نظر نہ پڑے..

یہ چند باتیں ہیں جن پر عمل کرنے سے ان شاءاللہ بہت فائدہ ہوگا،، اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کی بچیاں محفوظ رہیں تو ان پر عمل کریں! آج کے زمانے میں سب سے زیادہ فحش ویڈیوز دیکھی جاتی ہیں ،، اور اب تو فحش نگاری کے باقاعدہ مصنفین موجود ہیں جو محرم رشتوں کے آپسی جنسی تعلقات سے متعلق گندی کہانیاں لکھ رہے ہیں اور ویڈیوز بنا رہے ہیں.. اور سب سے زیادہ ایسی ہی ویڈیوز اور کہانیاں دیکھی جا رہی ہیں ان سے مکمل بچیں کیونکہ ان کی نحوست سے اب لوگ آہستہ آہستہ بھیڑیے بنتے جا رہے ہیں ۔۔ اپنی بچیاں خود بچالیں!

ورنہ یاد رکھیں! کسی کو آپ کی بچیوں پر ہونے والی زیادتیوں سے کوئی لینا دینا نہیں۔ ان کی لاش گٹر میں ملے ، ندی نالوں میں ملے یا کسaی ویرانے میں ملے۔۔ تو یہ صرف اخبار کی ایک خبر ہے ، یا ٹی وی کی نیوز...

انصاف وغیرہ کو بھول جائیں! وہ یہاں نہیں ملتا ۔

اس لیئے بہتر ہے کہ خود ہی احتیاط کریں !

بچپن،پنڈ اور پلا

بچپن کی یادوں کا آغاز لُنگی سے ہوتا ہے۔ لُنگی یا دھوتی بچے بڑے سب پہنتے بلکہ باندھتے تھے اوپر قمیض پہنی جاتی۔ یہ دیہات کا عمومی کلچر تھا۔ میرے گاؤں میں بجلی لڑکپن کی عمر گزرنے کے بعد آئی۔سکول یونیفارم تو ہوا کرتی تھی ، ملیشیا کی۔ مگر ہم بچے زیادہ تر دھوتی باندھ کر جایا کرتے تھے۔ استاد بھی شلوار پاجامہ تب پہنتے جب معائنہ کے لیے افسران نے آنا ہوتا۔ جوتے سکول جاتے ہوئے کبھی ہوتے کبھی ننگے پاؤں۔ ہمارے سکول میں ایک ہی ٹیچر ہوا کرتے تھے۔زیادہ تر ہماری استادوں سے شکایت ٹوبا لینے کی ہوتی۔ سیاہی کی دوات اور سر کنڈے کانے کی قلم ہوا کرتی تھی۔ لکڑی کی تختی سکول جانے کے پہلے روزساتھ ہوتی۔ لوہے کی سلیٹ دوسری جماعت سے شروع ہوتی، کپڑے کا بستہ ہوا کرتا۔ تختی بھی سکول کے سامنے نہری پانی کی نالی میں دھوئی جاتی۔ اگر کسی کی دوات میں قلم لگا تو شکایت بن گئی۔ ماسٹر جی اس نے ٹوبا لے لیا۔ ماسٹر صاحب دبکا مار دیتے۔ یہ شکایت کچی پکی اور دوسری جماعت تک ہوتی۔ پھٹّی سلیٹ قلم دوات پانچویں یعنی پرائمری تک ہی چلتی۔

ہمارا سکول پنڈ سے تھوڑے سے فاصلے پر قبرستان کے کونے پر تھا۔ مجھے یاد ہے کہ ایک روز میں اسی قبرستان سے گزر رہا تھا کہ مجھے سامنے براؤن رنگ کا سانپ بائیں سے دائیں گزرتا دکھائی دیا۔ وہ میرے بالکل سامنے تھا اور میں اس کے اوپر سے بڑی بے نیازی سے بلا خوف و خطر گزر گیا۔ اتنا شعور تھا کہ سانپ کاٹ لے تو کٹنے والا مر بھی جاتا ہے۔مگر مجھے اس کے اوپر سے گزرتے ہوئے کوئی خوف محسوس نہیں ہوا۔ اس لیے کہ سن رکھا تھا ، قبرستان میں بابا ہدایت شاہ کا مزار ہے اور سانپ ان کی برکت سے اندھا ہو جاتا ہے۔ بچپن میں یہ پختہ اعتقاد تھا،اب...؟

کچھ عرصہ کے لیے سکول میں دو ٹیچر بھی تعینات ہوئے۔ ان میں ایک ماسٹر دین محمد تھے۔ بچوں کی اپنے ہاتھ سے ناک صاف کرنے کو بالکل بھی معیوب نہیں سمجھتے تھے۔ بڑے بچے قمیض کے دامن کو ٹشو اور تولیہ کے طور پر استعمال کرتے۔ہمارے مستقل ٹیچر کا نام یٰسین شاہ تھا۔ ہم انہیں شاہ جی کہا کرتے۔ انہوں نے بھینسیں رکھی ہوئی تھیں۔ ان کے چارے اور صفائی کا کام بھی ہمارے ذمہ ہوتا۔ چوتھی پانچویں کے بچے یہ کام کیا کرتے۔جب کبھی کوئی افسر معائنہ کے لیے سکول آتا تو شاہ جی کے حکم پر بچے گھروں سے جا کر گلاس گلاس دودھ لے کر آتے ۔دوپہر کو گھنٹہ ڈیڑھ گھنٹہ کی ریسٹ ہوتی جسے تفریح کہا جاتا۔ اس وقفے میں گھر آ کر لنچ کر لیا کرتے۔ گاؤں میں لنچ میں کیا ہوتا۔چوپڑی روٹی ، لسی، چٹنی، اچار یا کوئی سالن ہوتا۔ یہ سب ایک ساتھ نہیں بلکہ ان میں سے روٹی کے ساتھ کوئی ایک لوازم ۔ناشتے میں روٹی یا مکھن والا پراٹھا ہوتا۔ چائے کبھی نہیں ہوتی تھی۔ مہمان آتے تو ان کے لیے چائے بنتی وہ بھی گڑ یا شکر کی۔ انڈے کھانے کو ضرور مل جاتے کیونکہ مرغیاں گھر کی ہوتی تھیں۔ گوشت عید پر یا کسی سپیشل مہمان کی آمد پر پکتا تھا۔

بجلی اور ٹوائلٹ کا نہ ہونا اب زندگی میں کیسا لگتا ہے؟

بچپن میں سردیوں میں لباس لنگی اور قمیص ہوتا، گرمیوں میں صرف لنگی رہ جاتی، زیادہ سردی ہونے پر دو قمیضیں، شدیدسردی میں تیسری قمیض کی ضرورت محسوس ہوتی مگر تیسری قمیض ہوتی ہی نہیں تھی۔ مجھے وہ کتا اور اسکی ”چانگریں“ نہیں بھولتیں جس نے ایک بار مجھے سکول سے واپسی پر کاٹنے کی کوشش کی۔ اسکے دانت پاجامے میں پھنس کر رہ گئے۔ ٹانگ محفوظ رہی۔

میرے روئیں روئیں سے انتقام کی صدا آرہی تھی۔میں گھر گیا، بستہ رکھا،ایک روٹی اُٹھائی،کتے کو تلاش کیااور ٹکڑا ڈالتے ڈالتے اسے گھر تک لے آیا۔غیر محسوس طریقے سے اسکی دُم پر مٹی کے تیل کا دیا انڈیلا اور موقع پا کر تیلی لگا دی۔ شعلہ بار دُم کو لہراتا اور چلاتا ہواکتا یہ جا وہ جا،یہ کتا غیرت مند نکلا دوبارہ گاؤں میں نظر نہیں آیا۔ میں چوتھی میں تھا جب میرے ساتھ یہ واقعہ اور کتے کے ساتھ سانحہ پیش آیا۔چھٹی کلاس میں قصبے کے سکول میں داخلہ لیا ۔ایک دن ساتھ والے گاؤں سے سکول جانے کے لیے گزر رہا تھا کہ لنڈورے کتے پر نظر پڑی۔ میں نے سائیکل آہستہ کر لی جو پہلے بھی ہوا میں نہیں اڑ رہی تھی۔ کتے نے بھی میری طرف دیکھ لیا۔ شاید پہچان بھی لیا۔ اس نے گھوں گھوں کی آواز نکالی ۔ بھونکا نہیں اور دائیں مُڑ گیا۔ میں تھوڑا آگے گیا اور کچھ سوچ کر واپس آ گیا۔ اس دوران وہ بھی اسی جگہ آ کر بیٹھ چکا تھا۔ مجھے دیکھا تو اٹھ گیا۔ میں نے سائیکل کے ہینڈل سے بندھی پوٹلی کھولی۔ اس سے روٹی نکالی اور جہاں کتا بیٹھا تھا وہیں رکھ دی جو وہاں سے اٹھ کر ایک بارپھر دوسری طرف جا رہا تھا۔ اگلے روز بھی وہ وہیں بیٹھا تھا۔ آج مجھے دیکھ کر وہ اٹھ کر ضرور بیٹھ گیا تھا مگر کہیں گیا نہیں۔ اس کے لیے میں گھرسے ایک روٹی لے گیا تھا۔ یوں کبھی کبھی اس کے لیے روٹی لے جاتا۔ ایک روز واپسی پر جب میں اس کے قریب سے گزرا تو اس نے سائیکل کے ساتھ ساتھ دوڑنا شروع کر دیا۔ میں نے سپیڈ کم کر دی۔ وہ گھر تک سائیکل کے ساتھ چلا آیا۔ میں گھر کے اندر چلا گیا مگر وہ دروازہ پر باہر ہی رک گیا۔ وہ عموماً دروازے پر بیٹھا رہتا ۔گھر کے اندر بھی کبھی چلا آتا۔دوسرے کتوں کے ساتھ بھی کبھی کبھی پھرتا تھا۔چھٹی کے روز میرے ساتھ ہی کھیتوں میں چلا جاتا۔ یہ پالتو نہیں آوارہ کتا تھا مگر اس کی عادتیں پالتوؤں جیسی ہو گئی تھیں۔اسے پلا کہہ کر پکارتا تھا ۔اس کی لنڈوری دم کی وجہ سے اس کی خاص شناخت بھی بن گئی تھی۔میں ایک روز کھیتوں کے درمیان بنّے سے گزر رہا تھا۔ پلا پیچھے پیچھے آ رہا تھا۔ اچانک وہ تیزی سے بھاگتا ہوا میرے آگے آیا۔ اس نے تیزی سے اپنا منہ بنّے پر مارا ۔اگلے لمحے اس کے دانتوں میں تین چار فٹ کا سانپ دبا ہوا تھا۔ اسے اس نے درمیان سے دبوچ کر پٹخا تھا۔ معاً سانپ نے اسے گردن کے قریب سے ڈس لیا۔ سانپ کے دو حصے ہونے میں کسر نہیں رہ گئی تھی مگر زہریلے سانپ کے کاٹنے کے بعد پلا تڑپ بھی نہ سکا۔اسے اس کی مہلت ہی نہ ملی۔

راولپنڈی سازش کیس: پرچھائیاں اور اثرات

وزیر اعظم لیاقت علی خان 9مارچ1951ء کو قوم کے سامنے انکشاف کرتے ہیں، ’کچھ دیر پہلے دشمن کی ایک سازش پکڑی گئی ہے جو کامیاب ہو جاتی تو ملک میں افراتفری پھیلتی۔ پاک فوج کی وفاداری ملیامیٹ ہو کر رہ جاتی۔ سازش پر عمل کے لیے تشدد کا راستہ اختیار کیا جا رہا تھا۔ حکومت کو سازشیوں کے ناپاک ارادوں کا بروقت علم ہوگیا چنانچہ یہ لوگ پکڑے گئے۔ سازشیوں کا سرغنہ فوج کا چیف آف جنرل سٹاف میجر جنرل اکبر خان ہے جبکہ دیگران میں بریگیڈیئر ایم اے لطیف ، پاکستان ٹائمز کے ایڈیٹر فیض احمد فیض اور میجر جنرل اکبر خان کی بیگم نسیم جہاں شاہنواز شامل ہیں۔‘
وزیر اعظم نے جس سازش کا ذکر کیابعد میں اس پر کیس چلا جسے راولپنڈی سازش کیس کا نام دیا گیا۔ وزیر اعظم کے انکشاف کرنے سے دو ہفتے قبل 23 فروری آخری جمعہ کے روز راولپنڈی میں جنرل اکبر خان کی سرکاری رہائش گاہ پر کئی گھنٹے گرما گرم اور پر جوش بحث ہوتی ہے۔ مبینہ طور پر اس میں اس تجویز پر غور ہوتا ہے کہ حکومت کا تختہ کیسے الٹا جائے جو امریکی کیمپ میں شامل ہو چکی ہے۔ آٹھ گھنٹے بعد بھی کوئی اتفاق رائے نہیں ہوتا تو مہمان گھروں کو چلے جاتے ہیں۔ ان مبینہ سازشیوں یا انقلابیوں میں یہ اکابرین شامل تھے۔ میجر جنرل نذیر احمد، ایئر کموڈور ایم کے جنجوعہ، برگیڈیئر ایم اے لطیف، برگیڈیئر صادق خان، لیفٹیننٹ کرنل ضیاء الدین، لیفٹیننٹ کرنل نیاز احمدارباب، میجر اسحاق احمد، میجر حسن خان، کیپٹن خضر حیات، کیپٹن ظفراللہ پوشنی، بیگم نسیم اکبر، فیض احمد فیض، سجاد ظہیر، محمد حسین عطا۔ لیفٹیننٹ کرنل صدیق راجہ اور میجر یوسف بھٹی وعدہ معاف گواہ بن گئے۔ یہ کیس انھی کی گواہیوں پر لڑا گیا۔ صوبہ سرحد (اب خیبر پختونخوا )کے سب انسپکٹر یونس عسکرعلی شاہ کا نام مخبر کے طور پر لیا جاتا ہے۔ ان کا جنرل اکبر کے گھر آنا جانا تھا. ان کے بھائی سلطان علی فوج میں کرنل تھے جس کی وساطت سے سی این سی ایوب خان تک پیغام پہنچا۔ یہ بھی کہا جاتا ہے کہ ایوب خان نے سلطان علی کے ذریعے عسکر علی کواستعمال کیا۔
فوجی و غیر فوجی ملزمان پر مقدمہ چلانے کے لیے خصوصی ٹربیونل کی تشکیل پر آئین ساز اسمبلی میں قانون سازی کی گئی۔ خصوصی ٹربیونل کو راولپنڈی کانسپائریسی سپیشل ٹربیونل ایکٹ 1951ء کا نام دیا گیا۔ اس قانون کے تحت ملزموں کو کئی بنیادی حقوق سے محروم کر دیا گیا۔ جو بھی فیصلہ کرناتھا اس کے خلاف اپیل کا حق سلب کر لیا گیا تھا۔ ملزموں کو ضمانت اور جیوری کا حق نہیں تھا۔ عالمی سطح پر آوازیں اٹھیں تو کہا گیا کہ ٹربیونل میں ایک رکن فیڈرل کورٹ(سپریم کورٹ)کے جج ہیں۔ ان کی وجہ سے ٹربیونل کی حیثیت فیڈرل کورٹ کی ہو گئی ہے۔ حالانکہ اسی قانون میں لکھا گیا کہ ٹربیونل کو ہائیکورٹ کے تمام اختیارات حاصل ہیں۔ قانون کے تحت ٹربیونل کی کارروائی خفیہ رکھی جانی تھی۔ عدالتی کارروائی کا آغاز15جون 1951ء کو ہوا۔ ٹربیونل کی سربراہی فیڈرل کورٹ کے جسٹس عبدالرحمن کر رہے تھے۔ ممبران میں پنجاب ہائیکورٹ کے جسٹس عبدالرحمن اور ڈھاکہ ہائیکورٹ کے جسٹس سمیر الدین تھے۔ 5جنوری 1953ء کو ٹربیونل نے فیصلہ صادر کیا۔ اس دوران وزیر اعظم لیاقت علی خان شہید کردیے گئے تھے۔ ایوب خان آرمی چیف تھے۔ 
ٹربیونل کے فیصلے میں جنرل اکبر خان کو 12سال قید کی سزا دی گئی۔ باقی فوجی افسروں کو4 سے پانچ سال کی سزا سنائی گئی۔ میجر جنرل نذیر احمد کو اتنی ہی سزا دی گئی جتنی کئی دہائیوں بعد وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو جسٹس آصف سعید خان کھوسہ کی سربراہی میں5 رکنی سپریم کورٹ کے بنچ نے دی تھی۔ فیض احمد فیض اور سجاد ظہیر 5 پانچ سال کے لیے قید کے مستوجب ٹھہرے۔ تمام مجرم سزائیں سننے کے بعد جلد رہا کردیے گئے۔ یہ کرشمہ سسٹم میں سقم کے باعث رونما ہوا۔ 1954ء میں گورنر جنرل غلام محمد نے آئین ساز اسمبلی یہ کہہ کر برخاست کر دی کہ وہ اپنا مینڈیٹ کھو بیٹھی ہے کیونکہ یہ آئین بنانے میں ناکام رہی ہے۔ گورنر جنرل کے اس اقدام کے خلاف سپیکر اسمبلی مولوی تمیز الدین عدالت گئے۔ سندھ ہائیکورٹ نے سپیکر کے حق میں فیصلہ دیا۔ جو فیڈرل کورٹ میں نہ ٹھہر سکا۔جسٹس منیر کی فیڈرل کورٹ نے اپنے فیصلے میں یہ بھی لکھ دیا کہ آئین ساز اسمبلی نے جو قوانین بنائے وہ اس وقت ہی قانونی حیثیت اختیار کر سکتے ہیں جب ان کی توثیق گورنر جنرل نے کر دی ہو۔ اس طرح ٹربیونل کے قیام کا قانون بھی کالعدم ہو گیا۔ سزا یافتگان نے اس قانون کو چیلنج کیا فیصلہ ان کے حق میں آیا اور رہا ہو گئے۔ اس سازش کیس کی پرچھائیاں اور اثرات آج بھی نظر آ رہے ہیں۔
ملزموں کو سزا دینے کے حوالے سے مشرقی بنگال کے اس دور کے بڑے اور معروف عالم دین مولانا محمد اسحاق بڑے بے قرار نظر آئے۔ حضرت مولانا نے بڑے خشوع وخضوع کے ساتھ فتویٰ جاری فرمایا کہ اگر وزیر اعظم اس جرم کے بارے میں رائے رکھتے ہیں کہ سازش واقعی ہوئی ہے تو مقدمہ چلانے کی ضرورت نہیں بلکہ ان کو فوراً لٹکا دیا جائے۔وزیر اعظم صاحب اس عالمانہ فتوے سے متفق نظر آئے۔ انھوں نے کہا کہ شہری اور فوجی حلقوں میں عمومی تاثر ہے کہ سازشیوں کو بغیر مقدمہ گولیاں مار دی جائیں۔ مشرقی پاکستان میں ہندوؤں کی نچلی ذات کی جماعت ادی واسی اچھوت لیگ نے مولانا کے فتوے کی دل و جان سے تائید کی۔ 1967ء میں جنرل اکبر خان پیپلز پارٹی میں شامل ہوئے اور بھٹو کی پہلی حکومت کے سلامتی کے امور کے مشیر بنے۔ جنرل اکبر نے ’ریڈرز اِن کشمیر‘ کے نام سے کتاب لکھی جس میں راولپنڈی سازش کیس کو ایک ’کارٹون کہانی‘ کہہ کر ایوب خان کو اس کا ’میرِ رقص‘ کہا۔بعد ازاں 1970ء کی دہائی میں ذوالفقار علی بھٹو کے دور میں انھیں مشیر برائے قومی سلامتی مقرر کیا گیا تھا۔اسی دوران ان کے ضبط کیے گئے اعزازات بھی لوٹا دیے گئے۔
برسبیل تذکرہ بریگیڈیئر نیاز احمد 1977ء میں برطرف کردیے گئے تھے۔ یہ واقعہ جنرل ضیاء الحق کی فوجی سربراہی کے دوران پیش آیا جب انھوں نے لاہور میں پی این اے کے مظاہرین پر گولی چلانے سے انکار کر دیا تھا۔برطرفی کے کئی سال بعد، برگیڈئیر نیاز نے فوج کے لیے کنٹریکٹر کے طور پر کام کرنا شروع کیا۔ وہ فوجی سامان، ہتھیاروں کی فراہمی، اور دیگر دفاعی امور میں مشاورت فراہم کرتے رہے۔ برگیڈیئر نیاز نواز شریف اور پرویز مشرف کے دوست تھے۔ انھوں نے نواز شریف کی سرور پیلس منتقلی اور پھر پاکستان واپسی مشرف کے ساتھ تعلقات کے باعث ممکن بنائی تھی۔سرسری انداز میں بھی دیکھیں تو اج پاکستان میں بہت کچھ ویسا ہو رہا ہے جیسا 1951 میں راولپنڈی سازش کی سماعت کے دوران ہوتا رہا۔وثوق سے نہیں کہا جا سکتا کہ حکومت گرانے کے لیے کیا یہ واقعی سازش کی گئی تھی یا پھر اس دور کی حکومت کا یہ وہم تھا۔

دنیا کے بھاری بھرکم ترین شخص نے موٹاپے کو شکست دے دی‘ وزن 610 سے صرف 63 کلو گرام پر لے آیا.

گوشت کا طومار چربی کا انبار جسم بنا پہاڑ،اتنے وزن کو لے کرخالد بن محسن چلنے پھرنے سے عاجز آگیاتھا۔اس کو دنیا کا سب سے موٹا  فرد قرار دیا جاتا تھا جو اب  542 کلو گرام وزن کم کرنے میں کامیاب رہا ہے۔ وزن بہت زیادہ بڑھ جانے کے باعث وہ 3 سال سے زائد عرصے تک بستر تک محدود رہا۔ وہ دنیا میں اب تک کا دوسرا سب سے زیادہ موٹا شخص رہا ہے۔ اس کی حالت اتنی زیادہ خراب ہوگئی تھی کہ وہ گھر والوں اور دوستوں پر انحصار کرنے پر مجبور ہوگیا تھا۔اس کی وزن کم کرنے کے بڑی حسرت تھی بلکہ یہ اس کی زندگی کی آخری خواہش بن چکی تھی۔اس نے کئی جتن کئے  مگروزن اس کی جدائی برداشت کرنے کے لیے تیار نہیں تھا۔

بہت سے موٹے لوگ وزن سے نجات حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ایک موٹا شخص ڈاکٹر کے پاس گیا اس سے کہا ڈاکٹر صاحب موٹاپے سے تنگ آ گیا ہوں اس سے نجات کے لیے کیا کھاؤں؟ ڈاکٹر نے کہا کھا کھا کر تو سانڈ بن گئے ہو مزید بھی کھانا چاہتے ہو ! بہت سے لوگ موٹاپا کم کرنے کے لیے کل سے ایکسر سائز شروع کرنےکا عزم کرتے ہیں ۔کل سے کم کھانے کا مصمم ارادہ باندھتے ہیں مگر وہ کل کبھی نہیں آتی۔غالب نے کہا تھا۔مقدور ہو تو ساتھ رکھوں نوحہ گر کو مَیں ۔اسی طرح بہت سے موٹے لوگوں کا بس چلے تو اپنی جگہ ایکسرسائز کرنے والے لوگ رکھ لیں اپنی جگہ دوائیاں کھانے والے کرائے پر حاصل کر لیں۔جس موٹے شخص کا وزن اب 63 کلو ہوا ہے اس کا یوں سمجھ لیں کہ جگاڑ لگ گیا۔

اس وقت کے سعودی کنگ شاہ عبداللہ نے اس کی زندگی بچانے کا منصوبہ تیار کرنے کا حکم دیاتھا۔ جس نے خالد بن محسن کی زندگی کو بدل کر رکھ دیا۔ خالد بن محسن کو جازان میں واقع گھر سے کرین کے ذریعے ریاض کے کنگ فہد میڈیکل سٹی میں منتقل کیا گیاتھا جہاں 30 طبی ماہرین کی ٹیم نے خالد بن محسن کے علاج کا پلان تیار کیا جو گیسٹرک بائی پاس سرجری، خصوصی غذا اور ورزش پر مبنی تھا۔ محض 6 ماہ میں خالد بن محسن کے جسمانی وزن میں 50 فیصد کمی آئی۔اس کے بعد مسلسل کاوش اور اس کی ول پاور سے 2023ء تک اس کا وزن محض 63.5 کلوگرام رہ گیا۔ضرورت دراصل ول پاور کی ہے باقی سب کی ثانوی حیثیت ہے۔ اپنے ارد گرد دیکھیں بہت سے لوگ مل جائیں گے جنہوں نے  اپنے آپ سے کمٹنٹ کر کے دسیوں بیسیوں کے جی وزن کم کیا ہے۔

جو ملازمین وقت پر دفتر نہیں آ سکتے وہ  گھربیٹھیں۔ عظمیٰ بخاری

ان ملازمین کی توموجیں لگ گئیں جو صبح بڑی مشکل سے جاگتے ہیں۔ انگڑائیاں جمائیاں لیتے ہاتھ منہ دھو کر آفس کی طرف گرتے پڑتے روانہ ہوتے ہیں اور لیٹ ہو جاتے ہیں۔ جن کا دفتر جانے کو دل نہیں کرتا مگر جانا پڑتا ہے۔ان کو یہ آپشن دے دیا جائے کہ گھر بیٹھیں تو ان کو اور کیا چاہیے ۔اندھے کو کیا چاہیے، دو آنکھیں۔ پنجاب کی وزیر اطلاعات نے ڈی جی پی آر کے ملازمین  کے تو کڑا کے ہی نکال دیئے۔انکی سو فیصد حاضری کی ہدایت کی ہے۔ اگر  گھر بیٹھنے والے ملازمین کو تنخواہ اور مراعات ملتی رہیں تو وارے نیارے مگر وزیر صاحبہ ان کو نوکری چھوڑ کر گھر بیٹھنے کا  کہہ رہی ہیں۔یہ سن کر تو ملازمین کے طوطے اڑنے ہی ہیں۔ بادل نخواستہ ملازمین کووقت کی پابندی کرنا ہی پڑے گی، کئی ملازمین لیٹ آنے اورجلد جانے کے عادی ہو جاتے ہیں۔ دفتر آئے کام کیا نہ کیا حاضری لگائی افسر کو شکل دکھائی اور موقع ملتے ہی نکل لئے۔ جس افسر کو شکل دکھائی جاتی ہے وہ بھی ہو سکتا ہے نکلنے کے موقع کی تلاش میں سرگرداں ہو اور اس کے اوپراور اوپر کے  اوپر بھی افسر ہوتا ہے۔ ایسے کارندوں اور افسروں کو عرف عام میں پروفیسر نکلسن کانام دیا جاتا ہے ۔ جو جیسے ہی موقع ملتا ہے دفتر سے نکل جاتے ہیں۔ ویسے کام کے چند ایک ہی لوگ ہوتے ہیں باقی انہی کا کمایا کھاتے ہیں۔